نئی دہلی ۔ 6جون ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر مدھیہ پردیش کمل ناتھ نے آج وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور اپنی ریاست سے تعلق رکھنے والے مسائل پر تبادلہ خیال کیا ۔ انہوں نے وزیراعظم کی رہائش گاہ پہنچ کر تقریباً نصف گھنٹہ تک بات چیت کی ۔ کمل ناتھ نے وزیراعظم مودی کو دوسری میعاد کیلئے عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ۔ مدھیہ پردیش حکومت کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیاکہ کمل ناتھ نے وزیراعظم مودی کو ریاست مدھیہ پردیش کے مسائل سے واقف کرایا ۔ انہوں نے مرکزی حکومت کے ساتھ ریاست کے زیرالتواء مسائل کی جانب بھی وزیراعظم کی توجہ مبذول کروائی ۔ فنڈ کی اجرائی میں تاخیر کی بھی شکایت کی ۔ وزیراعظم مودی نے کمل ناتھ کو تیقن دیا کہ وہ متعلقہ وزارتوں کو ہدایت دیں گے کہ ریاست مدھیہ پردیش کے زیرالتواء فنڈز کو فوری جاری کیا جائے ۔ وزیراعظم کے دفتر نے بعد ازاں ایک تصویر جاری کی جس میں دونوں قائدین کی ملاقات اور بات چیت کرتے ہوئے بتایا گیا ہے ۔