دبئی۔ 17؍اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام)۔ ایک ہندوستانی نوجوان نے جس کی عمر 19 سال ہے، مبینہ طور پر شارجہ کی ایک عمارت کی تیسری منزل سے چھلانگ لگاکر خودکشی کرنے کی کوشش کی۔ اسے عمارت کے نیچے سڑک پر خون میں لت پت پڑا ہوا پایا گیا۔ پولیس کی طلایہ گرد پارٹی اور نیم طبی عملہ کو مقام واردات پر طلب کیا گیا۔ امبولنس اور بچاؤ ٹیم فوری مقام واردات پر پہنچ گئیں۔ لڑکا نازک حالت میں تھا اور خون کا اخراج ہورہا تھا جسے دواخانہ منتقل کردیا گیا جہاں وہ آئی سی یو میں ہے اور اس کی حالت ہنوز نازک ہے۔ روزنامہ ’گلف نیوز‘ کی خبر کے بموجب سمجھا جاتا ہے کہ یہ اقدام خودکشی تھا۔ تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ عمارت کے مالکوں اور کرایہ داروں کو سختی سے احتیاط برتنے کی ہدایت دے دی گئی ہے۔