حیدرآباد ۔ 12 ستمبر (سیاست نیوز) چادرگھاٹ پولیس نے ایک سالہ کمسن کے اغوا میں ملوث دو اغوا کنندوں کو گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہیکہ 11 ستمبر کی شب برادر سریش پیشہ سے آٹو ڈرائیور ہے، ساکن اولڈ ملک پیٹ اپنے ساتھی ایم راجکمار کی مدد سے پی مونیکا نامی خاتون کا ایک سالہ کمسن سلمان کا اغوا کرلیا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ مذکورہ اغوا کنندوں نے ملک پیٹ گنج کے فٹ پاتھ سے کمسن کا اغوا کرکے وہاں سے فرار ہوگئے تھے۔ پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور علاقہ میں تفصیلات حاصل کرنے پر رینا نامی خاتون نے کمسن بچے کے اغوا میں ملوث آٹو ڈرائیور سریش کی نشاندہی کی۔ پولیس نے اندرون 24 گھنٹے آٹو ڈرائیور اور اس کے ساتھی کو گرفتار کرتے ہوئے اسے برآمد کرلیا۔ پولیس کی تحقیقات میں یہ معلوم ہوا کہ ایم راجکمار لاولد تھا اور اس نے آٹو ڈرائیور سریش کی مدد سے کمسن کا اغوا کرلیا۔ سریش نے اغوا کیلئے راجکمار سے 20 ہزار روپئے حاصل کئے۔