کمسن کو بچانے کی کوشش میں پڑوسی نے جان دے دی

حیدرآباد۔/4مارچ، ( سیاست نیوز) آج کے پرآشوب ماحول میں جہاں کسی انسان کو دوسرے انسان کی پرواہ نہیں، ایک شخص نے اپنے پڑوسی ہونے کا حق ادا کردیا اور کمسن کو آگ سے بچانے کی کوشش میں خود اپنی بھی جان دے دی۔ یہ واقعہ سلیم نگر کالونی ملک پیٹ میں آج دوپہر اس وقت پیش آیا جب محمد شفیع الدین کے مکان میں شارٹ سرکٹ کے سبب پہلی منزل میں اچانک آگ لگ گئی۔ اس مکان میں شفیع الدین کے تین لڑکے محمد نظام الدین، محمد ریاض الدین اور محمد علی رہتے ہیں۔ نظام الدین کے خسر ساکن حسن نگر کا انتقال ہونے کے سبب شفیع الدین اور ان کے ارکان خاندان پرسہ دینے کیلئے حسن نگر گئے ہوئے تھے جبکہ ریاض الدین کی بیوی سمیرا بیگم اور ان کی دو لڑکیاں چار سالہ افشاں بیگم اور آٹھ ماہ کی بشریٰ بیگم کو مکان میں چھوڑ کر گئے تھے۔ آج دوپہر اچانک شارٹ سرکٹ کے سبب ریاض الدین کے مکان میں آگ لگ گئی اور ہال کے پردے اور صوفہ سیٹ جل کر خاکستر ہوگیا۔ آگ اچانک بھڑک اٹھنے کے سبب سمیرا بیگم اپنی بڑی لڑکی افشاں بیگم کے ہمراہ وہاں سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئیں

جبکہ بشریٰ کو اپنے ساتھ باہر نہیں لاسکیں۔ سمیرا بیگم کی جانب سے مدد طلب کرنے پر ان کے پڑوسی 55سالہ سید محبوب علی نے دروازہ توڑ کر ان کے مکان میں داخل ہوئے اور کمسن بشریٰ کو گود میں لیکر باہر نکلنے کی کوشش کی لیکن آگ اور دھوئیں کے سبب مکان سے وہ باہر نہیں نکل سکے اور شدید دھوئیں کے سبب دم گھٹنے سے محبوب علی برسر موقع فوت ہوگئے۔ ملک پیٹ پولیس نے فوری فائر انجن کو طلب کرلیا اور کچھ ہی دیر میں آگ پر قابو پانے کے بعد فائر انجن و پولیس عملہ مکان میں داخل ہوکر بشریٰ بیگم کو نیم بے ہوشی کی حالت میں پایا اور 108ایمبولنس طلب کرکے دواخانہ منتقل کرنے کی کوشش کررہے تھے کہ وہ دوران منتقلی فوت ہوگئی۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ایسٹ زون ڈاکٹر وی رویندر نے جائے حادثہ کا معائنہ کیا اور ملک پیٹ پولیس کو اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرنے کی ہدایت دی۔