کمسن لڑکے کا اغواء و قتل کامعمہ حل

پولیس کی کامیاب مساعی، ملزمین کو عمر قید کی سزا
حیدرآباد۔/25جنوری، ( سیاست نیوز) حیدرآباد پولیس نے کم عمر لڑکے کے اغوا اور قتل مقدمہ میں اہم کامیابی حاصل کی ہے جس کے نتیجہ میں نامپلی کریمنل کورٹ نے آج تینوں ملزمین کو عمر قید کی سزا سنائی۔ تفصیلات کے بموجب 16مارچ سال 2016 کو 16 سالہ نوجوان ابھئے کا سیشو کمار، پی روی اور نمبوری موہن نے مبینہ اغوا کرلیا تھا اور بعد ازاں اس کے رشتہ داروں سے بھاری تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔ لفٹ دینے کے بہانے ملزمین نے ابھئے کا اغوا کرکے اسے اپنے کمرہ میں لیجاکر نشیلی دوا ملا کر کولڈرنک پلادیا اور بعد ازاں اس کے ہاتھ پیر باندھ دیئے اور منہ اور ناک پر پلاسٹر لگادیا۔ اغوا کے بعد اغوا کنندگان نے ابھئے کے رشتہ داروں سے بذریعہ فون تاوان کا مطالبہ کیا اور عدم ادائیگی پر سنگین نتائج کا انتباہ دیا۔ منہ کے علاوہ ناک پر بھی پلاسٹر لگانے کے نتیجہ میں ابھئے کا دم گھٹ کر وہ فوت ہوگیا اور ملزمین نے نعش کو سکندرآباد علاقہ میں پھینک کر وہاں سے راہ فرار اختیار کرلی۔ سی سی ٹی وی ریکارڈنگ کی مدد سے ملزمین کی فی الفور نشاندہی کرلی گئی اور پولیس نے تینوں ملزمین کو گرفتار کرتے ہوئے عدالت میں پیش کیا اور ان کے خلاف پی ڈی ایکٹ جیسے سخت قانون کو بھی نافذ کیا۔ انسپکٹر راما کرشنا اور رویندر ریڈی نے اس کیس میں نمایاں تحقیقات انجام دی جس کے نتیجہ میں میٹرو پولیٹن سیشن جج مسٹر جی کرشنیا نے آج تینوں ملزمین کو عمر قید کی سزا سنائی۔ استغاثہ کی جانب سے پبلک پراسیکیوٹر مسٹر پی رویندر ریڈی نے کامیاب پیروی کی۔