کمسن لڑکی کے اغواء کا معمہ حل ، سوتیلا نانا گرفتار

حیدرآباد ۔ /27 فبروری (سیاست نیوز) بہادر پورہ پولیس نے کمسن لڑکی کے اغواء کے معمہ حل کرتے ہوئے ایک اغواء کنندہ کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ /26 فبروری کو محمد دانش عرف سونو ساکن نجم نگر کشن باغ نے بہادر پورہ پولیس سے شکایت درج کروائی جس میں بتایا کہ اس کی 3 سالہ کمسن بیٹی سعدیہ پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئی ہے اور پولیس اس سلسلے میں کارروائی کرنے کی درخواست کی ۔ انسپکٹر بہادرپورہ مسٹر خلیل پاشاہ نے مقدمہ درج کئے جانے کے بعد فی الفور کارروائی کرتے ہوئے کیس کی تحقیقات کا آغاز کیا اور علاقہ میں موجود سی سی ٹی وی کے کیمروں کا تجزیہ کرتے ہوئے اغواء کنندے کو گرفتار کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون مسٹر وی ستیہ نارائنا نے پریس کانفرنس میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 40 سالہ وسیم خان ساکن عرش محل کشن باغ جو رشتہ میں مغویہ لڑکی کا سوتیلا نانا ہے اور وہ سعودی عرب کو ملازمت کیلئے جانے کا منصوبہ رکھتا تھا ۔ وسیم خان کو 50 ہزار روپئے کی سخت ضرورت تھی جس کے نتیجہ میں اس نے سعدیہ کے باپ محمد دانش سے 50 ہزار روپئے نقد رقم دینے کی درخواست کی لیکن اس سے روپئے حاصل نہ ہونے پر اغواء کا منصوبہ بنایا ۔ پولیس نے بتایا کہ وسیم خان کرائم پٹرول ٹی وی سیریل دیکھا کرتا تھا اور اس سے ترغیب حاصل کرتے ہوئے سعدیہ کا اغوا ء کرکے اسے فروخت کرنے کا منصوبہ بنایا ۔ سعدیہ کو اغواء کرنے کے فوری بعد وہ نامپلی ریلوے اسٹیشن پہونچا اور شبری ایکسپریس ٹرین میں اس نے لڑکی کو چھوڑکر وہ مکان واپس لوٹ آیا ۔ پولیس نے علاقہ میں موجود تمام سی سی ٹی وی کیمروں کا تجزیہ کرتے ہوئے وسیم خان کی نقل و حرکت کا پتہ لگایا اور مغویہ لڑکی کو حاصل کرتے ہوئے وسیم خان کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے کمسن مغویہ لڑکی کو اس کے والدین کے حوالے کردیا ۔