کمسن لڑکی کے اغواء میں ملوث جاروب کش گرفتار

حیدرآباد 3 مارچ (سیاست نیوز)نارائن گوڑہ پولیس نے چار سالہ کمسن لڑکی کے اغواء میں ملوث جی ایچ ایم سی کی جاروب کش کو گرفتار کرلیا اور لڑکی کو اس کے چنگل سے رہا کروایا ۔ بتایا جاتا ہے کہ یکم مارچ کو بی سواتی نے نارائن گوڑہ پولیس سے ایک شکایت درج کروائی جس میں بتایا کہ وہ 25 فروری کی شب اپنے شوہر سوم داس اور کمسن بیٹی ساہتیہ عرف ہنی کے ہمراہ امر موٹرس واقع کنگ کوٹھی کے روبرو فٹ پاتھ پر محو خواب تھی کہ نا معلوم افراد نے اس کی لڑکی کا اغواء کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اسقاط حمل کے سبب وہ گاندھی ہسپتال میں علاج کیلئے رجوع ہوئی تھی لیکن اس کا موثر علاج نہ ہونے پر مجبوراً وہ فٹ پاتھ پر زندگی بسر کرنے لگی۔ فٹ پاتھ پر محو خواب ہونے کا فائدہ اٹھا کر نامعلوم افراد نے اس کی بیٹی کا اغواء کرلیا تھا نارائن گوڑہ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا اور دوران تحقیقات جی ایچ ایم سی کی کنٹراکٹ جاروب کش جی سائیماں اور اس کی بہن جی بابماں کی جانب سے کمسن کا اغواء کئے جانے کی اطلاع پر دونوں کی تفتیش کی جس میں حقائق کا انکشاف ہوا ۔ تفتیش کے دوران جاروب کش بہنوں نے پولیس کو بتایا کہ 26 فروری کی اولین ساعتوں میں انہوں نے ساہتیہ کا اغواء کر کے اسے اپنے مکان میں محروس رکھا ۔ نارائن گوڑہ پولیس نے اغواء کنندوں کے چنگل سے رہا کراتے ہوئے اسے والدین کے حوالے کردیا۔