کمسن لڑکی کی عصمت ریزی کی کوشش

حیدرآباد یکم / فروری ( سیاست نیوز ) دنڈیگل سورا رام کالونی میں پیش آئے ایک شرمناک واقع میں 8 سالہ کمسن لڑکی کی عصمت ریزی کی کوشش کی گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ ارون جادو جس کا تعلق بہار سے ہے اور وہ پیشہ سے لاری ڈرائیور ہے آج صبح اپنے پڑوس کی 8 سالہ لڑکی کو بہلا پھسلاکر چاکلیٹ دینے کے بہانے اسے اپنے مکان میں بلاکر بعد ازاں قریبی جھاڑیوں میں لے جاکر عصمت ریزی کی کوشش کی جس کے دوران لڑکی وہاں سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوگئی ۔ کم عمر لڑکی نے ارون جادو کی اس حرکت سے اپنے والدین کو واقف کروایا جس کے نتیجہ میں دنڈیگل پولیس میں ایک شکایت درج کروائی گئی اور اس کے خلاف ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے اسے فوری حراست میں لے لیا گیا ۔

معمر شخص نے اپنی 60 سالہ بیوی کا گلا کاٹ دیا
حیدرآباد یکم / فروری ( سیاست نیوز ) ملکاجگیری آنند باغ میں پیش آئے ایک واقع میں معمر شخص نے اپنے بیوی کا قتل کرنے کے بعد خود بھی پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ یہ واقع آج صبح اس وقت پیش آیا جب 72 سالہ کرشنیا نے اپنے 60 سالہ بیوی لکشمی کا چاقو سے گلا کاٹ کر خود اپارٹمنٹ کے سیل فون ٹاور سے پھانسی لے لی ۔ ملکاجگیری پولیس نے بتایا کہ میاں بیوی کے درمیان آئے دن جھگڑا ہوا کرتا تھا جس کے نتیجہ میں شوہر نے بیوی کا بہیمانہ طور پر قتل کرنے کے بعد خود بھی پھانسی لے لی ۔ پولیس نے دونوں کی نعشوں کو گاندھی ہاسپٹل کے مردہ خانہ منتقل کیا اور اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرلیا ۔