کمسن لڑکی کی عصمت ریزی کرنے والا شخص گرفتار

حیدرآباد۔/26اپریل، ( سیاست نیوز) شادی کا جھانسہ دے کر کم عمر لڑکی کا جنسی استحصال کرنے والے ایک شخص کو کالا پتھر پولیس نے گرفتار کرلیا۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس چارمینار مسٹر کے اشوک چکرورتی نے بتایا کہ بریانی شاہ ٹیکری کالا پتھر کی ساکن ایک خاتون نے کالا پتھر پولیس میں ایک شکایت درج کرائی تھی کہ اس کی 16 سالہ لڑکی 14 اپریل کو اچانک گھر سے غائب ہوگئی۔ لاپتہ ہونے کے دوسرے دن لڑکی نے اس کی ماں کو فون پر بتایا کہ وہ حمایت ساگر میں اپنے دوستوں کے ہمراہ آئی ہوئی ہے۔ لڑکی کی ماں کو اس بات کا علم ہوا کہ اس کی بیٹی علی باغ کالا پتھر کے ساکن 31 سالہ مرزا رحمت علی بیگ کے ساتھ اس کے مکان میں موجود ہے۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر لڑکی کی ماں اور دیگر رشتہ داروں کے ہمراہ رحمت مرزا کے مکان پہنچنے پر انہوں نے لڑکی کو وہاں پایا جبکہ رحمت علی بیگ وہاں سے فرار ہوگیا۔ مسٹر چکرورتی نے بتایا کہ مرزا رحمت علی بیگ شادی شدہ شخص ہے اور اس نے 16 سالہ لڑکی کو شادی کرنے کے بہانے اس کے مکان میں تین دن غیر قانونی طور ر رکھ کر اس کی عصمت ریزی کی اور اس کا جنسی استحصال کیا۔ پولیس کالا پتھر نے ملزم کو گرفتار کرلیا اور تحقیقات کے دوران اس بات کا پتہ لگایا کہ مرزا رحمت بیگ سال 2014 میں فلک نما علاقہ میں پیش آئے ایک رہزنی کی واردات میں ملوث ہے۔ پولیس نے اسے گرفتار کرتے ہوئے عدالت میں پیش کردیا۔