حیدرآباد ۔ /22 جولائی (سیاست نیوز) کاچی گوڑہ علاقہ میں پیش آئے ایک واقعہ میں 16 ماہ کی ایک لڑکی کا سنسنی خیز انداز میں اغوا کرلیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اکشیتا جو گنگما کی بیٹی ہے آج ایک نامعلوم خاتون نے اس کی توجہ ہٹاکر اغواء کرلیا ۔ اس واقعہ کے بعد لڑکی کے والدین نے کاچی گوڑہ پولیس سے ایک شکایت درج کروائی جس پر پولیس فوری حرکت میں آکر مقدمہ درج کرتے ہوئے مغویہ لڑکی کو اغواء کنندہ خاتون سے رہا کروانے کی کوششوں کا آغاز کردیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ایسٹ زون ڈاکٹر اے رویندر نے بتایا کہ پولیس نے اپنی ابتدائی تحقیقات میں مقامی سی سی ٹی وی کیمروں کا تجزیہ کیا ہے جس میں ایک خاتون کمسن لڑکی کا اغواء کرنے کی ویڈیو دستیاب ہوئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گیئں ہیں تاکہ کمسن لڑکی کا فوری پتہ لگایا جاسکے ۔