حیدرآباد 6 اپریل ( سیاست نیوز) ساوتھ زون پولیس نے کم عمر لڑکی کی کنٹراکٹ میریج میں ملوث 70 سالہ ضعیف عمانی باشندے ‘دلال اور قاضی کو گرفتار کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس مسٹر وی ستیہ نارائنا نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ عمانی شہری صینائدی خمیس محمد خمیس جو شہر کو ٹورسٹ ویزا پر آیا تھا نے بارکس کے ٹراویل ایجنٹ عاصم سعید کی مدد سے حافظ بابا نگر کی ساکن 17 سالہ کم عمر لڑکی سے شادی کی۔ مسٹر ستیہ نارائنا نے بتایا کہ خمص کو کنٹراکٹ میریج میں میریج بیورو کے دلال محمد شفیع اور مقامی دو افراد عبداللہ بن حسن یمنی اور نور جہاں بیگم نے مدد کی جبکہ قاضی سید ذوالفقار علی نے یہ نکاح پڑھایا ۔ پولیس نے اس شادی میں ملوث تمام ملزمین کو نربھئے ایکٹ کے تحت گرفتار کرلیا ۔ انہو ںنے بتایا کہ ٹراویل ایجنٹ عاصم سعید نے خمیس کو ہاشم آباد چندرائن گٹہ میں واقع ایک لاڈج میں رہائش کا انتظام کیا اور بعدازاں بنڈلہ گوڑہ میں واقع میریج بیورو کے دلال محمد شفیع سے تعارف کروایا ۔ عاصم سعید اور شفیع نے کم عمر لڑکی کی ماں نجمہ بیگم کو رقم کا لالچ دے کر اپنی بیٹی کی شادی کیلئے راضی کرلیا اور لڑکی کی مرضی کے خلاف 2 اپریل کو قاضی سید ذوالفقار کے مکان واقع بہادر پورہ محمود نگر میں کنٹراکٹ میریج کرائی گئی ۔ اس شادی کیلئے عمانی شہری نے لڑکی کی ماں کو 1 لاکھ روپئے حوالے کئے لیکن شادی کے فوری بعد لڑکی نے اپنے ایک قریبی رشتہ دار محمد یوسف کو اس بات کی اطلاع دی۔ پولیس کو اس بات کا پتہ چلنے پر لڑکی کو شادی کے چند گھنٹوں پر عمانی شہری کے چنگل سے آزاد کروالیا گیا اور تمام ملزمین کے خلاف نربھئے ایکٹ کے علاوہ چائیلڈ میریج ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے انہیں آج عدالت میں پیش کردیا ۔