حیدرآباد 14 جون (سیاست نیوز)اولڈ ملک پیٹ شنکر نگر میں پیش آئے واقعہ میں 7 سالہ کمسن لڑکا موسی ندی میں غرقاب ہوگیا ۔ چادر گھاٹ پولیس کے بموجب ترون آج دوپہر اپنے بھائی ورون کے ہمراہ شنکر نگر کے قریب موسی ندی کے کنارے کھیل رہا تھا کہ وہ اتفاقی طور پر ندی میں گر پڑا اور غرقاب ہوگیا ۔ ورون نے اپنے بھائی کے موسی ندی میں بہہ جانے کی اطلاع والدین و دیگر رشتہ داروں کو دی جس پر چادر گھاٹ پولیس کو مطلع کیا گیا ۔ پولیس نے کمسن لڑکے کی تلاش شروع کردی اور اس کی نعش کو باہر نکالنے رات دیر گئے کوشش جاری رکھی ۔ پولیس نے بتایا کہ گذشتہ دو دنوں سے بارش کے سبب موسی ندی میں پانی کا بہاو تیز ہے جسکے سبب لڑکے کی تلاش میں دشواریاں ہورہی ہیں۔ پولیس نے ایک مقدمہ درج کرلیا ہے اور کمسن کی تلاش جاری ہے ۔