یلاریڈی۔یکم اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) منڈل لنگم پیٹ مستقر پر گمشدہ معصوم کیلئے افراد خاندان نے کئی مقامات پر تلاش کیا لیکن کہیں کوئی پتہ نہ چلنے پر آخر حوصلہ کھوکر رہ گئے۔ مگر قسمت سے انہیں 87دنوں کے بعد اونگول میں ہونے کی اطلاع ملی جس پر معصوم لڑکے کے ماں باپ کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ رہا۔ منڈل سب انسپکٹر مسٹر راکیش کی تفصیلات کے مطابق لنگم پیٹ سے تعلق رکھنے والے سالووا، پوچیاکا 11سالہ بیٹا بھومیا جو چھٹویں جماعت کا طالب علم ہے اس سال 6مئی کو مستقر سے گم ہوگیا ۔ کئی جگہ تلاش کرنے پر بھی کوئی سراع نہ ملا جس پر 11مئی کو پولیس میں شکایت درج کروائی گئی اور پولیس نے ضلع کے تمام پولیس اسٹیشنوں پر لڑکے کی گمشدگی کی خبر پہنچادی۔ پھر بھی دو ماہ گذرنے پر کوئی اطلاع نہیں ملی۔ پولیس نے 15 دن قبل ہیڈ کانسٹبل لکشما ریڈی کو معصوم لڑکے کو تلاش کرنے کی ذمہ داری دے دی گئی۔ انہوں نے اس سلسلہ میں نظام آباد، ورنگل، کریم نگر، سکندرآباد، گنتہ کلو اور اننت پور شہروں میں اسے بس اسٹیشنوں پر تلاش کیا۔ آخر میں لڑکے کی فوٹو انٹرنیٹ پولیس محکمہ ویب سائیٹ میں رکھ دی گئی۔ جس پر اونگول سے سرادھار ہوم، سہارا رضاکارانہ تنظیم سے پولیس کو اطلاع ملی کہ لڑکا ان کے پاس ہے۔ ہیڈ کانسٹبل لکشما ریڈی نے اونگول جاکر لڑکے کو لنگم پیٹ لے آئے۔ جمعرات کو شام لڑکے کو والدین کے حوالے کیا گیا۔ گمشدہ لڑکے کے ملنے کی امید چھوڑنے والے افراد خاندان اور ماں باپ نے پولیس کی غیر معمولی کوشش کو سراہا اور ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔