حیدرآباد 24 ستمبر (سیاست نیوز) نامپلی کریمنل کورٹ کے چھٹویں ایڈیشنل چیف میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ نے ٹولی چوکی کے اذان انٹرنیشنل اسکول کی کمسن طالبہ کی عصمت ریزی کیس کے ملزم محمد جیلانی کو 6 دن کی پولیس تحویل میں دے دیا ہے۔ کورٹ کے اِن احکام کے بعد گولکنڈہ پولیس کی ایک ٹیم نے ملزم کو تحقیقات کے لئے حراست میں لے لیا۔ 15 ستمبر کو سنیٹری سوپروائزر محمد جیلانی کو گولکنڈہ پولیس نے ساڑھے چار سالہ کمسن لڑکی کے ساتھ زیادتی کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ متاثرہ لڑکی کی والدہ نے گولکنڈہ پولیس میں 14 ستمبر کو شکایت درج کراتے ہوئے بتایا تھا کہ محمد جیلانی نے لڑکی کو چاکلیٹ دینے کے بہانے اسکول کی پہلی منزل پر لیجاکر زیادتی کی تھی۔ پولیس نے ملزم کے خلاف پوسکو ایکٹ کے تحت ایک مقدمہ درج کیا تھا اور بعدازاں اُسے عدالتی تحویل میں دے دیا۔ مزید تحقیقات کے لئے ملزم کی پولیس تحویل کو ضروری قرار دیتے ہوئے گولکنڈہ پولیس نے نامپلی کریمنل کورٹ میں ایک درخواست داخل کرتے ہوئے جیلانی کی 10 دن کی پولیس تحویل طلب کی تھی جس پر عدالت نے احکام جاری کرتے ہوئے ملزم کو 6 دن کی پولیس تحویل میں دے دیا۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس آصف نگر کے اشوک چکرورتی نے کہاکہ ملزم کو حراست میں لے کر اِس معاملہ کی مزید تحقیقات کی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ اذان انٹرنیشنل اسکول کے خلاف اسی قسم کا ایک اور مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔