کمسن طالبہ کی عصمت ریزی انتہائی بدبختانہ واقعہ

متاثرہ لڑکی کو 5 لاکھ مالی تعاون، مفت تعلیم ۔ اذان اسکول انتظامیہ کا اعلان
حیدرآباد۔/18 ستمبر، ( سیاست نیوز) اذان انٹرنیشنل اسکول کے انتظامیہ نے کہا کہ کمسن طالبہ کی عصمت ریزی ایک انتہائی بدبختانہ واقعہ ہے اور وہ اس کی کڑی مذمت کرتا ہے۔ انتظامیہ کے ذمہ داران نے کہا کہ مجرم کو سخت سے سخت سزا دلانے کیلئے اسکول کا ہر ایک فرد تحقیقاتی ایجنسیوں کا مکمل تعاون کرے گا۔ عصمت ریزی معاملہ کے بعد آج اسکول کے چیرمین ڈاکٹر یوسف اعظم اور دیگر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ لڑکی کو 5 لاکھ کا مالی تعاون کیا جائے گا اور علاج کے اخراجات بھی برداشت کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کمسن طالبہ کو مکمل اسکول کی تعلیم مفت فراہم کی جائے گی۔ ڈاکٹر یوسف اعظم نے کہا کہ اسکول انتظامیہ کمسن طالبہ کے والدین کے ساتھ ہے اور وہ ان سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمسن طالبہ جس اذیت ناک مرحلہ سے گذر رہی ہے اور اس کے والدین بھی اسی قسم کے حالات سے گذر رہے ہیں جس کا ہمیں کافی افسوس ہے اور اسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔ کسی بھی قسم کے معاوضہ سے یہ تکلیف کم نہیں ہوسکتی تاہم انتظامیہ نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر طالبہ کے نام پر 5 لاکھ روپئے فکسڈ ڈپازٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے جو کسی بھی نیشنلائزڈ بینک میں کئے جائیں گے اور 18 سال مکمل ہونے تک یہ رقم بینک میں محفوظ رہے گی۔ڈاکٹر یوسف اعظم نے کہا کہ انصاف ہمارے ایمان کا جز ہے اور طالبہ کو انصاف دلانے کیلئے وہ اور ان کا اسٹاف پولیس کے ساتھ تعاون کرے گا جبکہ پہلے ہی تمام الیکٹرانک شواہد پولیس کے حوالے کئے جاچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہجومی تشدد کے خدشہ کے پیش نظر پولیس کے مشورہ پر ہی وہ منظر عام پر نہیں آئے تھے۔ اس پریس کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے نیر فروزاں اسکول کرسپانڈنٹ نے کہا کہ آنے والے دنوں میں طلبہ کی سلامتی اور سیکورٹی کیلئے ایک خصوصی اسکیم تیار کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پری پرائمری سیکشن میں مکمل لیڈیز اسٹاف ہے۔ اس پریس کانفرنس کے دوران مسٹر اقبال نیر نے کہا کہ محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کی جانب سے انہیں وجہ نمائی نوٹس جاری کی گئی تھی جس کا انہوں نے ڈی ای او آفس میں جواب داخل کردیا۔ انہوں نے کہا کہ پری پرائمری اسکول چلانے کیلئے اسکول انتظامیہ کے پاس محکمہ تعلیم کا سرٹیفکیٹ موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال میں اسکول طلبہ کو مناسب جگہ منتقل کیا جائے گا اور یہ ہندوستانی دستور میں جواز موجود ہے۔ اذان انٹر نیشنل اسکول انتظامیہ نے عوام سے صبر و تحمل کی اپیل کی ہے۔