کمسن بچہ کا اغواء کرنے والی خاتون گرفتار

حیدرآباد ۔ /3 نومبر (سیاست نیوز) حسینی علم پولیس نے ایک اغواء کنندہ خاتون کو اس وقت رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا جب وہ پرانے پل کے قریب کمسن بچے کا اغواء کرکے اسے مدھیہ پردیش کے شہر اجین منتقل کرنے کی کوشش کررہی تھی ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس چارمینار مسٹر کے اشوک چکرورتی نے بتایا کہ /2 نومبر کو شام 7 بجے 40 سالہ کسومالتا عرف منی متوطن مدھیہ پردیش نے پرانا پل کے قریب کمسن لڑکا جو اپنے مکان کے روبرو کھیل رہا تھا کو تنہا دیکھ کر اس کا اغواء کرلیا اور اسے وہاں سے جبراً اپنے ہمراہ لے جانے کی کوشش کررہی تھی کہ بچے نے چیخ و پکار شروع کردی ۔ جسے دیکھ کر بچے کے ماں باپ چوکس ہوگئے اور پولیس کی پٹرولنگ پارٹی کو طلب کرلیا ۔ پولیس نے فوری اغواء کنندہ خاتون کو اپنی حراست میں لیکر پولیس اسٹیشن منتقل کیا اور تحقیقات کے دوران اس نے بتایا کہ اس کا تعلق اجین مدھیہ پردیش سے ہے اور وہ کمسن بچے کا اغواء کرکے اسے اپنے آبائی مقام میں فروخت کرنے کا منصوبہ رکھتی تھی ۔ حسینی علم پولیس نے مدھیہ پردیش پولیس سے رابطہ قائم کرتے ہوئے اغواء کنندہ خاتون کے تفصیلات طلب کئے ہیں تاکہ اس بات کا پتہ لگایا جاسکے کہ اس کا تعلق کوئی اغواء کنندوں کی ٹولی سے تو نہیں ۔ پولیس نے کسومالتا کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے اسے جیل منتقل کردیا ۔