حیدرآباد /16 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) شہر کے نواحی علاقہ جیڈی میٹلہ میں میاں بیوی نے کمسن بچوں کا قتل کرنے کے بعد خودکشی کرلی ۔ اس واقعہ کا انکشاف آج کی اولین ساعتوں میں ہوا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 42 سالہ کیشو راؤ راؤ اور اس کی بیوی 35 سالہ ونجا نے اپنے دونوں کمسن بچوں 10 سالہ دیپک اور 3 سالہ نندی کو زہر دیکر ان کا قتل کردیا اور بعد میں دونوں نے پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ کاروبار میں نقصان ، معاشی پریشانیاں اور ایک شخص کی دھوکہ دہی کے سبب اس نے انتہائی اقدام کیا ۔ اس واقعہ کی اطلاع کے بعد اندراسین نگر جیڈی میٹلہ میں سنسنی پھیل گئی اور ان دلخراش مناظر کو دیکھنے کے بعد مقامی عوام رو پڑے کمسن بچوں کو ہلاک کرنے کے کیشو راؤ کے انتہائی اقدام کے بعد پولیس نے اس کے گھر کی تلاشی لی ۔ تاہم پولیس کو کوئی مشتبہ شئے دستیاب نہیں ہوئی ۔ پولیس نے ایک ڈائری سے نوٹ برآمد کرلیا ۔ جس پر پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ یہ نوٹ کیشو راؤ نے لکھا ہے ۔ جس میں ان کی بربادی اور ان حالات کا ذمہ دار سبا ریڈی نامی شخص کو بتایا جو انہیں کاروبار میں نقصان سے دوچار کیا تھا ۔ کیشو راؤ کولکتہ کا متوطن بتایا گیا ہے ۔ جو 12 سال قبل حیدرآباد کے علاقہ جیڈی میٹلہ منتقل ہوا تھا ۔ یہ شخص خانگی فینانسر تھا اور فینانس کے کاروبار میں نقصان کے بعد اس نے چھوٹا کاروبار شروع کردیا تھا ۔ اس کاروبار میں بھی اس کو نقصان کا سامنا تھا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔