کمسن بچوں پر مظالم اور جنسی استحصال سماج پر داغ

پاسکو ایکٹ پر شعور بیداری پروگرام ، کمشنر سائبرآباد کا خطاب
حیدرآباد /26 جون ( سیاست نیوز ) کمسن بچوںپر بڑھتے مظالم اور جنسی استحصال کے واقعات سماج کیلئے ایک بدنما داغ ہیں اور سماج کو چاہئے کہ وہ ایسے بچوں کی ہمت افزائی اور ان میں خود اعتمادی پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کرے ۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر سجنا رنے کیا ۔ انہوں نے آج یہاں پروٹیکشن آف چلڈرنس فرم سیکشول آفنسنس ایکٹ ( پاسکو ) 2012 پر شعور بیداری پروگرام کو مخاطب کیا ۔ سائبرآباد پولیس کمشنریٹ میں پولیس ملازمین اور عہدیداروں کیلئے پاسکو ایکٹ کی عمل آوری پر شعور بیداری پروگرام منعقد کیا گیا تھا ۔ انہوں نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سال 2017 میں سائبرآباد حدود میں 280 ایسے مقدمات درج کئے گئے جن میں کمسن بچوں کا جنسی استحصال کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ پاسکو ایکٹ کی عمل آوری اور موثر کارروائی اور اقدامات میں تربیتی پروگرام کافی مددگار ثابت ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ اس تربیتی پروگرام کی مدد سے کوالیٹی آف انویسٹگیشن میں اضافہ ہوگا ۔ انہوں نے پولیس ملازمین کو ہدایت دی کہ وہ بچوں پر مظالم کے واقعات کی سنجیدہ تحقیقات کریں اور کسی بھی قسم کی کوئی لاپرواہی نہ کریں چونکہ خاطی کو سخت سزا ہونی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن سیل اور پولیس میں بہترین تال میل ہے ۔ انہوں نے ایسی شکایتوں پر فوری ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت دی ۔ کمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر سجنار نے کہا کہ اس دوران خواتین اور بچوں کی گمشدگی کے واقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے اور ایسے واقعات پر توجہ دینے کی بہت زیادہ ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن اسمائیل گمشدہبچوں کی نشاندہی کیلئے مددگار ثابت ہوا ہے ۔ اس موقع پر دیگر عہدیدار موجود تھے ۔