مزدوروں سے ضلع کلکٹر کی بات چیت اور مسائل کی یکسوئی کا تیقن
نظام آباد:3 ؍ مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع کلکٹر مسٹر رونالڈ روس نے بتایا کہ بیڑی مزدور کو وظائف کی فراہمی کیلئے حکومت سنجیدہ اقدامات کررہی ہے۔ پی ایف نمبر یافتہ تمام افراد کو وظائف کی منظوری عمل میں لائی جارہی ہے اگر کسی بیڑی مزدور کو وظیفہ منظور نہ ہونے کی صورت میں پی ایف نمبر کے ساتھ درخواست گذاری کریں۔ ضلع کلکٹر کمر پلی موضع میں بیڑی مزدوروں کے ساتھ بات چیت کی اور بیڑی کارخانہ پہنچ کر ان افراد سے تفصیلی بات چیت کرتے ہوئے بیڑی کی تیاری اورکارخانہ کے مالکین، یونین کے قائدین سے بات چیت کی۔ مستحق افراد کو مارچ سے وظیفہ منظور کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔ ورغی بیڑی کی تیاری کے بارے میں بھی تفصیلات حاصل کرنے پر بیڑی مزدوروں نے بتایا کہ اجرتوں کی کمی کے باعث ورغی بیڑی تیار کی جارہی ہے۔ جن افراد کو پی ایف نمبر نہیں ہے ان افراد کو بھی وظیفہ منظور کرنے کا یونین قائدین کی نمائندگی پر ضلع کلکٹر نے اس پر غور کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔ ضلع کلکٹر نے بیڑی مزدوروں کے علاوہ تحصیل آفس میں منڈل کی تفصیلات حاصل کی اور پٹہ زمینات کو آدھار سے منسلک کرنے اور ووٹر شناختی کارڈ کو آدھار سے منسلک کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے ہلدی کی نکاسی کے مرکز کا بھی معائنہ کیااور مزدوروں سے تفصیلات حاصل کی۔ اس موقع پر تحصیلدار کے علاوہ ایم پی ڈی او و دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔