شادی شدہ عورت کے معشوق کا بے رحمانہ اقدام
مدن پلی۔ /2ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مدن پلی سے متصل کمربل کوٹہ قصبہ میں چار سالہ کمسن عمران کا قتل ہوا، اس ننھے بچے کے والدین کے درمیان نااتفاقی نے اس کی جان لے لی۔ کمربل کوٹہ میں رہنے والے حبیب کی شادی اسی علاقہ کی شبیہ کے ساتھ چھ سال قبل ہوئی تھی اور انہیں چارسالہ لڑکا اور ایک لڑکی جس کی عمر چھ سال ہے۔ گزشتہ ایک سال سے میاں بیوی کے درمیان نااتفاقی ہوئی اور دونوں علحدہ رہنے لگے اور بیوی اپنے بچوں کے ساتھ میکے پہنچ گئی اور اس دوران وہ اسی محلہ کے مستان ولی شخص کے ساتھ تعلق قائم کرلیا۔ایک ماہ قبل مذکورہ عورت ملازمت کی غرض سے کویت چلی گئی۔ مستان ولی نے بذریعہ فون اپنی معشوقہ کو واپس آنے کیلئے کہا مگر وہ نہیں مانی تو اس نے فون پر بھی کہا کہ وہ اچھی طرح جانتا ہے کہ کس طرح اس کو واپس بلا یا جائے۔ تین دن قبل وہ گھر کے پاس کھیل رہے کمسن بچے عمران کو پکڑ کر لے گیا اور گلا دباکر اس کو ماردیا۔ بچہ کے رشتہ داروں نے پولیس اسٹیشن میں بچے کے غائب ہونے کی شکایت بھی درج کرائی۔ بروز منگل صبح شادی محل کی زیر تعمیر عمارت سے آرہی بدبو پر لوگوں نے جاکر دیکھا تو اس کمسن لڑکے کی نعش کا پتہ چلا۔ چھوٹے سے بچے کا قتل کرنے والے مستان ولی کو لوگوں نے بددعائیں دینی شروع کی۔ پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔ مدن پلی رورل سرکل انسپکٹر مرلی نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ اس عورت کے شوہر اور معشوق کے رشتہ داروں سے بھی پوچھ تاچھ شروع کردی گئی ہے۔