کمبلے ورلڈکپ کے بہترین لیگ اسپنرس میں دوسرے مقام پر

دبئی ۔13 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ورلڈکپ ایونٹس میں لیگ اسپنرزکی بہترین کارکردگی کی تفصیل جاری کر دی ہیں جس میں لیجنڈ شین وارن سرفہرست ہیں جبکہ ہندوستان کے سابق اسپنر انیل کمبلے دوسرے ،شاہد آفریدی تیسرے اور مشتاق احمد پانچویں نمبر پر براجمان ہیں۔آئی سی سی ورلڈکپ ایونٹس میں تہلکہ خیز کارکردگی دکھانے والے لیگ اسپنرز میں لیجنڈ شین وارن نمبر ون ہیں، آسٹریلیا کی نمائندگی کرتے ہوئے ماسٹر اسپنر نے 17 میچز میں 32 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ ہندوستان کے سابق کپتان انیل کمبلے کا دوسرا نمبر ہے، انہوں نے چار ورلڈکپ کے 18 میچز میں 31 وکٹیں اپنے نام کیں۔ شاہد آفریدی نے آئی سی سی کے پانچ ایونٹس میں بوم بوم کارکردگی دیتے ہوئے 27 میچ کھیل کر 30 وکٹیں لی، پاکستانی نژاد جنوبی افریقی اسپنر عمران طاہر نے بھی حریف کھلاڑیوں کو خوب پریشان کیا، 29 بیٹسمینوں کو پویلین بھجوایا۔ ماضی کے اسٹار اسپنر مشتاق احمد نے 26 وکٹیں حاصل کیں۔