کمبلے آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل

دبئی۔19فبروری( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انیل کمبلے آئی سی سی کرکٹ ہال آف فیم میں شامل ہونے والے 77ویں رکن بن چکے ہیں ۔کمبلے جو فی الحال آئی سی سی کرکٹ کمیٹی کے چیرمین ہیں ‘ وہ ہال آف فیم میں شامل ہونے والے چوتھے ہندوستانی کھلاڑی ہیں جیسا کہ ان سے قبل بشن سنگھ بیدی ‘ کپل دیو اور سنیل گواسکر کو 2009ء میں ہال آف فیم میں شامل کیا گیا تھا ۔ کمبلے نے ٹسٹ کرکٹ میں 619 وکٹیں حاصل کی ہیں اور وہ ان مظاہروں کے ذریعہ سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولروں کی فہرست میںتیسرے مقام موجود ہیں جب کہ اس فہرست میں پہلے مقام پر 800وکٹوں کے ساتھ متیامرلی تھرن اور 708وکٹوں کے ساتھ شین وارن دوسرے مقام پر موجود ہیں ۔ علاوہ ازیں وہ ونڈے میں 335وکٹیں بھی اپنے نام درج کرواچکے ہیں جس کی بدولت وہ ونڈے میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولروں کی فہرست میں نویں مقام پر موجود ہیں ۔ علاوہ ازیں کمبلے نے 14ٹسٹ مقابلوں میں جو کہ 2007ء اور 2008ء کے درمیان کھیلے گئے تھے ان میں ہندوستان کی قیادت بھی کی اور ان کی قیادت میں ہندوستان نے تین مقابلوں میں فتوحات حاصل کی اور پانچ مقابلوں میں اسے شکست ہوئی ۔ کمبلے نے اپنے کریئر میں 132ٹسٹ اور 271ونڈے کھیلے ہیں ۔