کمار وشواس نے مودی کی سراہنا کی، عام آدمی پارٹی پر تنقید

نئی دہلی ۔ 9 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی لیڈر کمار وشواس نے آج ایک دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے پارٹی کی کارکردگی کو جہاں تنقیدوں کا نشانہ بنایا ، وہیں وزیراعظم نریندر مودی کی تعریف کی۔ شاعر سے سیاستداں بننے والے کمار وشواس نے کہا کہ انہیں اندیشہ ہے کہ عام آدمی پارٹی ایک ’’عجیب و غریب سیاسی پارٹی ‘‘ میں تبدیل ہوجائے گی۔ انہوں نے ایک خانگی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ جس دن یہ عجیب و غریب سیاسی جماعت ہوگی ، اس دن وہ سیاست چھوڑدیں گے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ بی جے پی میں کبھی شامل ہوں گے؟ انہوں نے جواب دیا کہ عام آدمی پارٹی چھوڑ دیں گے لیکن بی جے پی میں شامل نہیں ہوں گے۔انہوں نے عام آدمی پارٹی سے ناراضگی کی وجوہات باتے ہوئے کہا کہ دہلی میں اقتدار سے علحدگی کا فیصلہ نہیں کرنا چاہئے تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کجریوال اقتدار میں رہتے ہوئے جن لوک پال بل کو منظور نہیں کراسکے تو یہ ان کی غیر دیانتداری ہے۔ انہوں نے نریندر مودی کے دورۂ کشمیر کی سراہنا کی اور کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ حکومت کام کاج کر رہی ہے۔