ہوبارٹ، 11 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا کے اسٹار بیٹسمن کمار سنگاکارا نے لگاتار چوتھی سنچری بنا کر پاکستان کے ظہیر عباس اور سعید انور سے لگاتار سنچریاں بنانے کا ورلڈ ریکارڈ چھین لیا ہے۔ سنگاکارا نے آج ورلڈ کپ میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف آخری لیگ میچ میں 124 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اس ٹورنمنٹ میں لگاتار چوتھی سنچری بنا کر عالمی اعزاز اپنے نام کیا۔ وہ نہ صرف ورلڈ کپ بلکہ ونڈے کرکٹ کی تاریخ میں بھی لگاتار چار سنچریاں بنانے والے دنیا کے پہلے بلے باز بن گئے ہیں جبکہ یہ اُن کے کیریئر کی 25ویں سنچری ہوئی۔ وہ اب تک جاریہ ورلڈ کپ کے چھ میچوں میں 464 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمن بھی ہیں۔ سنگاکارا نے اس سے قبل بنگلہ دیش، انگلینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف بھی تین ہندسی اننگز کھیلی تھی جہاں ان کا اسکور ترتیب وار 105، 117 ناٹ آؤٹ اور 104 رہا۔ ماضی میں ظہیر عباس اور سعید انور سمیت ہرشل گبز، اے بی ڈی ولیرس، کوئنٹن ڈی کاک (تینوں جنوبی افریقی) اور راس ٹیلر (نیوزی لینڈ) کو بھی لگاتار تین سنچریاں بنانے کا اعزاز حاصل تھا۔یہ کارنامہ سب سے پہلے ظہیر عباس نے 1982ء میں ہندوستان کے خلاف لگاتار تین میچوں میں تین سنچریاں بنا کر انجام دیا تھا۔ اس کے بعد سعید انور نے شارجہ میں سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے خلاف لگاتار تین سنچریاں بنائے تھے۔