کمارا سوامی کی کل 4.30 بجے شام حلف برداری

راہول گاندھی کی شرکت کی توثیق ‘ کئی قائدین کی آمد کا امکان
بنگلورو 21 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) جنتادل ایس لیڈر ایچ ڈی کمارا سوامی 23 مئی کو شام 4.30 بجے بحیثیت چیف منسٹر کرناٹک ودھان سودھا کی سیڑھیوں پر حلف لیں گے ۔ گورنر وجو بھائی والا کمارا سوامی کو عہدہ اور راز داری کا حلف دلائیں گے ۔ ایک سرکاری اعلامیہ میں یہ بات بتائی گئی ۔ کمارا سوامی کل دھرم شالہ اور سرنگیری کادورہ کرینگے اور مندروں میں پوجا کرینگے ۔ اس کے علاوہ وہ شنکر آچاریہ سے ملاقات بھی کرینگے ۔ کانگریس صدر راہول گاندھی نے کمارا سوامی کی تقریب حلف برداری میںشرکت کی توثیق کردی ہے ۔ اس کے علاوہ غیر بی جے پی اقتدار والی ریاستوں کے چیف منسٹرس اور علاقائی جماعتوں کے قائدین بشمول چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی ‘ چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال ‘ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ ‘ چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو ‘ سماجوادی پارٹی کے صدر اکھیلیش یادو ‘ بہوجن سماج پارٹی کی صدر مایاوتی کے بھی تقریب میں شرکت کرنے کا امکان ہے ۔