کمارا سوامی وزارت میں توسیع 25 وزراء کی شمولیت

بنگلور ۔ 6 جون (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک کی 15 دن قدیم ایچ ڈی کمارا سوامی وزارت میں 25 نئے وزراء کی شمولیت کے ساتھ آج پہلی توسیع کی گئی۔ 14 وزراء کا تعلق کانگریس سے ہے۔ حکمراں اتحاد میں شامل اس کی حلیف جے ڈی (ایس) کے 9 وزراء ہیں۔ بی ایس پی اور کے بی جے پی کے ایک ایک رکن کو بھی وزیر بنایا گیا ہے۔
گورنر وجو بھائی والا نے راج بھون میں منعقدہ تقریب میں نئے وزراء کو عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔ جے ڈی (ایس) کے سربراہ اور سابق وزیراعظم دیوے گوڑا کے ایک اور فرزند ایچ ڈی ریونا اور ریاستی کانگریس کے سینئر لیڈر ڈی کے شیوا کمار بھی حلف لینے والوں میں شامل ہیں۔ جے ڈی ایس کے جی ٹی دیوے گوڑا جو میسورو کے حلقہ اسمبلی چامنڈیشوری سے سابق چیف منسٹر سدارامیا کو شکست دیتے ہوئے ایک اہم فاتح کی حیثیت سے ابھرے تھے، کابینہ میں شامل کرلئے گئے ہیں۔ کانگریس کی رکن قانون ساز کونسل جیہ مالا واحد خاتون وزیر ہیں۔ اقتدار کی ساجھیداری کے سمجھوتہ کے تحت کانگریس کے 22 وزراء اور جے ڈی ایس کے 12 وزراء ہوں گے، آج کی توسیع کے بعد وزارت کی تعداد 27 ہوگئی اور مزید سات وزارتی عہدے ہنوز مخلوعہ ہیں۔ کمارا سوامی نے چیف منسٹر اور جی پرمیشورا نے ڈپٹی چیف منسٹر کی حیثیت سے 23 مئی کو حلف لیا تھا۔