بی جے پی کیخلاف سکیولر پارٹیوں کے اتحاد میں کانگریس بھی شامل
بنگلور۔ 22 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک میں بدھ کو جنتا دل (سیکولر)کے رہنما اور نامزد وزیر اعلی ایچ ڈی کمارسوامی کی حلف برداری تقریب اگلے سال عام انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) کے خلاف متحدہ جدوجہد کے خاطر تیسرے محاذ کے طور پر ایک پلیٹ فارم بن سکتا ہے ۔جنتا دل (ایس) رہنما باسوراج ہیراٹی نے یہاں نامہ نگاروں سے کہاکہ مسٹر کمار سوامی کے وزیر اعلی کے طورپر حلف برداری تقریب کے دوران سیکولر جماعتوں کے رہنما وں کو ایک پلیٹ فارم پر آنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا ” ہم بی جے پی کے خلاف سیکولر جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرارہے ہیں۔ ان میں کانگریس بھی شامل ہے ۔”جنتا دل ایس نے غیر این ڈی اے اتحاد کے اہم رہنماوں کو حلف برداری تقریب میں مدعو کیا ہے ۔ ان میں یو پی اے کی چے ئرپرسن سونیا گاندھی’ کانگریس کے صدر راہل گاندھی’ بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی’ مغربی بنگال کی گورنر ممتا بنرجی’ کیرل کے وزیر اعلی پنارائی وجیان،دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال’ آندھرا پردیش کے وزیر اعلی چندرا بابو نائیڈو’ تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے چندرا شیکھر راؤ’ اترپردیش کے سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو’ آر جے ڈی رہنما تیجسوی یادو’ راشٹریہ لوک دل کے بانی اجیت سنگھ’ ڈی ایم کے کے کارگذار صدر ایم کے اسٹالن اور فلم اداکار سے سیاست میں داخل ہونے والے کمل ہاسن شامل ہیں۔اس موقع پر جنتا دل ایس کے ترجمان رمیش بابو نے کہاکہ ملک میں غیر اعلانیہ ایمرجنسی کی صورت حال ہے اور سیکولر جماعتوں کے لئے مستقبل کا پروگرام طے کرنے کا اب وقت آگیا ہے ۔