علامہ سید ارشاد احمد بخاری و علامہ مفتی مجیب الرحمن مصباحی کی آمد و خطاب
حیدرآباد ۔ 21 ۔ مئی : ( راست ) : کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کے زیر اہتمام 26 مئی بعد نماز عشاء معراج النبیؐ کانفرنس مغل پورہ پلے گراونڈ پر منعقد ہوگی۔ محمد شاہد اقبال قادری صدر رحمت عالم کمیٹی نے کہا کہ کانفرنس کی سرپرستی مولانا محمد عبداللہ قریشی الازہری اور صدارت مولانا سید محمد شاہ قادری ملتانی ، قیادت مولانا سید عبداللہ حسینی چشتی قادری نگرانی حضرت محمد شوکت علی صوفی کریں گے ۔ مہمانان خصوصی مولانا سید خلیل علی شاہ بابا قادری قدرتی اور حضرت سید شاہ لطیف اللہ محمد محمد الحسینی چشتی برقی رشید بادشاہ ، مولانا سید عباس متقی شرکت کریں گے ۔ بیرونی مہمان مقررین میں مولانا ڈاکٹر سید ارشاد احمد بخاری ( فاونڈر اسلامک ریسرچ سنٹر ڈھاکہ بنگلہ دیش ) اور مولانا مفتی محمد مجیب الرحمن مصباحی ( اترپردیش ) کے خطابات ہوں گے ۔ کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ کمیٹی کے اسٹیج سے اب تک دنیائے اسلام کے ممتاز و جید عالم دین و مفکر اسلام کی 225 سے زائد اہم شخصیات نے اپنے ایمان افروز خطابات سے حیدرآباد کی عوام الناس کو مستفید فرمایا ۔ کمیٹی اپنے اہم مقاصد مسلک حق اہل سنت کی ترویج و اشاعت کے ساتھ ساتھ معاشرہ میں پھیلی ہوئی برائیوں کے تدارک کے لیے علمائے حقہ کے بصیرت افروز و ایمان افروز خطابات کے ذریعہ نوجوان نسل میں ایک انقلاب برپا کررہی ہے ۔ کمیٹی مسلم لڑکے و لڑکیوں کا بے راہ روی کا شکار ہو کر مغربی تہذیب کو اپنا کر اسلام کی حقانیت اور پاکیزگی سے دور ہونے پر ان کی
اصلاح کر کے آنے والی نسلوں کی حفاظت اور اسلام دشمن عناصر کے مقاصد کو ناکام کرنا چاہتی ہے ۔ معاشرہ میں بڑھتی ہوئی بے راہ روی ، غیر محرم لڑکے و لڑکیوں کا شادی سے پہلے باتیں کرنا ، ملاقاتیں کرنا ، انٹرنیٹ پر چیاٹنگ ، پارکس و گارڈنس میں تنہا ملاقاتیں کرنا ، فحش و نازیبا حرکات کرنا اور اسکول وکالجس میں مخلوط تعلیم پر ہندوستان کی عظیم سنی اسلامی یونیورسٹی جامعہ نظامیہ الہند کے فتوے پر مہمان علماء کرام کے خصوصی خطابات ہوں گے ۔ اس ضمن میں رحمت عالم کمیٹی کی جانب سے مسلم معاشرہ کی اصلاح کے لیے ہزاروں کی تعداد میں پمفلٹس کی اشاعت عمل میں لائی جارہی ہے ۔ محمد شاہد اقبال نے بتایا کہ کانفرنس کے وسیع پیمانے پر انعقاد کے لیے ایک متحرک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔ سامعین کی بڑھتی ہوئی تعداد کو دیکھتے ہوئے مغل پورہ پلے گراونڈ پر سامعین کی شرکت کو قطعی بنایا جارہا ہے ۔ نیز مقامی علماء کرام میں مولانا حافظ محمد اقبال احمد رضوی القادری ، مفتی ذاکر حسین نوری فنا القادری ، ڈاکٹر محمد عبدالنعیم قادری نظامی ، مولانا نادر المسدوسی کے خطابات ہوں گے ۔ صدر استقبالیہ جناب مرزا نثار احمد بیگ نظامی خطبہ استقبالیہ پیش کریں گے ۔ ڈاکٹر محمد مجیب شاہد ، سید عثمان قادری ، محمد عبدالکریم رضوی نے اس کانفرنس میں شرکت کی گذارش کی ہے ۔۔