اسلام آباد۔ 9 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف اپنے ملک میں حالیہ چند ماہ کے دوران پٹرول کی قلت کے بحران پر اپنی حکومت سے عوامی برہمی کے پیش نظر اب برقی، آبرسانی، پٹرولیم، فینانس کی وزارتوں اور منصوبہ بندی کمیشن کی شخصی طور پر نگرانی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ روزنامہ ڈان نے خبر دی ہیکہ عام آدمی کو درپیش مسائل کے سبب نواز شریف حکومت پر عوامی دباؤ میں اضافہ ہوا ہے۔ مسٹر شریف نے ضروری اشیاء کی قیمتوں کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے مقصد سے گذشتہ روز دارالحکومت اسلام آباد کے تجارتی علاقوں کا شخصی طور پر دور کیا تھا۔ پاکستان میں حالیہ عرصہ کے دوران پٹرول کی شدید قلت ہوگئی تھی اس کے علاوہ برقی بحران کے سبب بھی نواز شریف حکومت کو بڑے پیمانے پر عوامی ناراضگی کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔