کلیان سنگھ کی بحیثیت گورنر راجستھان حلف برداری

جئے پور۔ 4 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سابق چیف منسٹر یو پی کلیان سنگھ کی آج راجستھان کے بیسویں گورنر کی حیثیت سے حلف برداری ہوئی۔ چیف جسٹس راجستھان ہائیکورٹ سنیل امبوانی نے عہدہ اور رازداری کا حلف دلوایا۔ قبل ازیں چیف سکریٹری راجیو مہرشی نے ان کا تقرر نامہ جو صدرجمہوریہ نے جاری کیا تھا، پڑھ کر سنایا۔ اسمبلی کے اسپیکر کیلاش میگھوال، چیف منسٹر وسندھرا راجے اور دیگر سینئر عہدیدار موجود تھے۔ ان کی تقریب حلف برداری کے دوران پرجوش بی جے پی کارکنوں نے جئے شری رام اور وندے ماترم کے نعرے لگائے۔ انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ بعدازاں انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سابق چیف جسٹس آف انڈیا پی ستھاسیوم کی بحیثیت گورنر کیرالاتقرر میں کوئی بری بات نہیں ہے۔ انہیں عدلیہ کا طویل تجربہ ہے اور وہ اس عہدہ کیلئے انتہائی اہل شخصیت ہے۔ ان کے تقرر پر کانگریس نے اعتراض کیا تھا۔