کلیان سنگھ کو گورنر ہماچل پردیش کی اضافی ذمہ داری

شملہ ۔ 28 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : گورنر راجستھان کلیان سنگھ نے آج بحیثیت گورنر ہماچل پردیش حلف لیا ۔ ہماچل پردیش ہائی کورٹ کے چیف جسٹس منصور احمد میر نے راج بھون میں منعقدہ ایک سادہ تقریب میں انہیں عہدہ کا حلف دلوایا ۔ پیشرو گورنر ہماچل پردیش ارمیلا سنگھ کی 5 سالہ میعاد 24 جنوری کو اختتام پذیر ہوگئی ۔ اور انہیں راج بھون سے پرتپاک انداز میں وداع کیا گیا اور کلیان سنگھ کو ہماچل پردیش گورنر کی اضافی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے ۔ تقریب حلف برداری میں چیف منسٹر ویر بھدرا سنگھ ، اپوزیشن لیڈر پی کے دھمال اور کابینی وزراء ، ودیا اسٹوکس ، سجن پنٹھانیہ ، دھنی رام شانڈل ، پرکاش چودھری ، چیف پارلیمنٹری سکریٹری نندلال ، ہائی کورٹ جج اور مئیر اور ڈپٹی مئیر شملہ اور دیگر ممتاز شخصیتیں شریک تھیں ۔