نظام آباد : 17 ؍ جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر مسٹر پی ایس پردیو منا، سب کلکٹر بودھن ہری نارائن کا تبادلہ کرتے ہوئے ریاستی حکومت نے احکامات جاری کیا ہے ۔ گذشتہ چند دنوں سے افواہیں سرگرم تھی کہ ضلع کلکٹر مسٹر پردیو منا کا تبادلہ یقینی ہے اور یہ بات حقیقت ثابت ہوئی۔ 2004 بیاچ سے تعلق رکھنے والے پردیو منا کا تعلق کرناٹک ریاست سے ہے ورنگل ضلع جوائنٹ کلکٹر کی حیثیت سے خدمت انجام دینے کے بعد ریاستی حکومت نے انہیں 28؍ اگست 2013 ء کو نظام آباد کلکٹر کی حیثیت سے تبادلہ کیا تھا اور 30؍ اگست کو ضلع کلکٹر نے اپنا جائزہ حاصل کیا تھا 9ماہ کے عرصہ تک کام کرتے ہوئے ریاستی حکومت کے احکامات کے مطابق ترقیاتی کاموں کو انجام دینے میں آگے آگے رہے۔ انتخابات کے موقع پر ضلع کلکٹر قواعد کی عمل آوری میں سختی کے ساتھ پیش آئے تھے اور کسی کو بھی سفارش کا موقع فراہم نہیں کیا تھا اور نہ ہی کسی سفارش کو قبول کرنا پسند کیا تھا
جس کی وجہ سے ضلع کے تمام سیاسی قائدین مسٹر پردیو منا کیخلاف کھلے عام ناراضگی ظاہر کررہے تھے ۔ انتخابات کے بعد ضلع کے ٹی آرایس کے اراکین اسمبلی اور ارکان پارلیمنٹ نے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر رائو سے ملاقات کرتے ہوئے ان کا تبادلہ کرنے کی خواہش کی تھی جس پر چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر رائو نے رضامندی ظاہر کی تھی اور کل چیف سکریٹری مسٹر راجیو شرما نے ضلع کلکٹر کا تبادلہ کرتے ہوئے احکامات جاری کرتے ہوئے جوائنٹ کلکٹر مسٹر وینکٹیشوررائو کو چارج حوالے کرنے کی ہدایت دی تھی۔ اسی طرح سب کلکٹر بودھن ہری نارائن کا بھی تبادلہ کرتے ہوئے تبادلہ کیا گیا ۔ 2013 ء ستمبر میں ہری نارائن نے سب کلکٹر بودھن کی حیثیت سے جائزہ حاصل کیا تھا اور یہ بھی فرض شناس عہدیدار تھے اور 2010،2011 بیاچ سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان کی جگہ اے پی ایم آئی پی پی ڈی شیام بابو کوبودھن انچارج آرڈی او کی حیثیت سے زائد ذمہ داری تفویض کی گئی ہے ۔ ریاستی حکومت کے احکامات پر سب کلکٹر مسٹر پردیو منا نے جوائنٹ کلکٹر مسٹر وینکٹیشور رائو کو چارج حوالے کردیا آج صبح جوائنٹ کلکٹر مسٹر وینکٹیشور رائو نے انچارج کلکٹر کی حیثیت سے جائزہ حاصل کرلیا۔