محبوب نگر۔ یکم نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کلکٹریٹ محبوب نگر کی مجوزہ منتقلی کے خلاف اہم اپوزیشن جماعتوں نے احتجاج میں شدت پیدا کردی ہے۔ کانگریس، تلگودیشم ، کمیونسٹ جماعتوں کے علاوہ وائی ایس آر کانگریس، مسلم لیگ اور کئی ایک تنظیموں نے مشترکہ طور پر4 نومبر کو بڑے پیمانے پر احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کُل جماعتی قائدین این پی وینکٹیش تلگودیشم، راملو سی پی ایم ، ونود کمار کانگریس، شیخ عبداللہ وائی ایس آر کانگریس، قدوس بیگ مسلم لیگ کے علاوہ دیگر تنظیموں کے ذمہ داران غوث، چندرکانت، پرمیشور، رام داس نے آر اینڈ بی گیسٹ ہاوز میں گول میز کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ کلکٹریٹ کی دور دراز مقام کو منتقلی معنی خیز ہے۔ جبکہ موجودہ کلکٹریٹ کافی سہولت بخش ہے۔ قلب شہر میں واقع ہونے سے عوام کو کئی سہولتیں ہیں۔ بس اسٹانڈ اور ریلوے اسٹیشن بھی بالکل قریب ہے۔ ان قائدین نے انتباہ دیا کہ کلکٹریٹ کی منتقلی کے فیصلہ سے دستبرداری اختیار نہیں کی گئی تو شدید عوامی احتجاج کا سامنا کرنا پڑیگا۔