کلکشن ایجنٹ سے رقم چھیننے والی ٹولی گرفتار

حیدرآباد ۔ /16 اکٹوبر ۔ (سیاست نیوز) سٹی پولیس نے سلطان بازار ڈکیتی کے معاملہ کو حل کرتے ہوئے 6 افراد کو گرفتار کرلیا اور مسروقہ رقم و دیگر اشیاء کو ضبط کرلیا ۔ سٹی پولیس کمشنر مسٹر مہندر ریڈی نے آج ایک پریس کانفرنس کے دوران ان افراد کی تفصیلات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ 21 سالہ عمران ، 22 سالہ ذیشان ، 24 سالہ عبدالقادر انصاری ، 20 سالہ سلمان خان ، 21 سالہ شیخ عمران اور 20 سالہ شہباز خان کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 26 لاکھ 70 ہزار روپئے موٹر سیکل اور سیل فون ضبط کرلئے ۔ انہوں نے بتایا کہ /23 اگست کی رات کلکشن ایجنٹ کی آنکھوں میں مرچ پاؤڈر ڈال کر اس پر حملہ کرتے ہوئے اس کے قبضہ سے 30 لاکھ روپئے چھین لئے گئے تھے ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ گرفتار افراد میں سلمان خاں کے علاوہ کسی کا بھی مجرمانہ ریکارڈ نہیں ہے ۔ سلمان خاں سال 2009 ء میں ایک اقدام قتل کے معاملہ میں ملوث تھا ۔ جبکہ ذیشان انجنیئرنگ سال آخر کا طالب علم ہے اور ان گرفتار افراد میں ایک بی کام سال دوم کا طالب علم ہے ۔ سٹی پولیس کمشنر نے بتایا کہ منصوبہ بند طریقہ سے دو کلکشن ایجنٹوں سے رقم چھین لی گئی ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ اس کیس کو حل کرنے کیلئے پولیس کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ بالآخر کمشنر کی راست نگرانی میں کام کرنے والی ٹاسک فورس ٹیم کی ایسٹ زون ٹیم نے مسئلہ کو حل کرایا اور گرفتار افراد کو کمشنر پولیس کی نگرانی میں عدالتی تحویل میں دے دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ 30 لاکھ روپئے کے منجملہ 26 لاکھ 70 ہزار روپیوں کو ضبط کرلیا گیا ۔ پولیس نے بتایا کہ عیش پسند زندگی گزارنے کی خاطر ہی انہوں نے ڈکیتی کی یہ واردات انجام دی تھی ۔ گرفتار 6 افراد میں دو افراد نے ان 4 افراد کو اطلاعات فراہم کرتے تھے ۔ چونکہ چھوٹے تاجرین روزانہ رقم جمع کرنا چٹھیوں کے روپئے فینانسر کو ادا کرتے ہیں وہ ایسے ہی افراد سے جمع کی ہوئی رقم کو ایک جگہ جمع کرتے تھے ۔ ان پر نظر رکھتے ہوئے /23 اگست رات کے وقت سلطان بازار کے علاقہ سے سرقہ کرلیا گیا تھا ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ گرفتار افراد کو مزید تحقیقات کیلئے سلطان بازار پولیس کے حوالے کردیا گیا ۔