کلواکرتی کے چار ہمدرد افراد کو تہنیت کی پیشکشی

لڑکی کی جان بچانے بروقت تعاون پر ڈی ایس پی کا اظہار ستائش
کلواکرتی۔/27جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کلواکرتی ڈی ایس پی کے احاطہ میں ونگور منڈل کے گرام پنچایت ویل ملارپلی میں اس ماہ کی 6 تاریخ کو ہوئے قتل کی کوشش واقعہ میں گرفتار عاشق کی گرفتاری اور بروقت پولیس کو اطلاع دینے اور دواخانہ تک پہنچ کر پولیس کی مدد کرنے والے افراد کو آج ڈی ایس پی آفس میں ڈی سی پی رما کانت راؤ کی قیادت میں تہنیت اور شال پوشی کی گئی اور ڈی ایس پی نے ان چار افراد کی خوب سراہنا کی اور بتایا کہ اگر یہ افرا د بروقت پولیس کو اطلاع نہ دیتے اور پولیس کی مدد نہ کرتے تو اس لڑکی جان چلی جاتی اور پولیس کو قاتل کی گرفتاری میں کئی ایک مشکلات پیش آسکتی تھیں۔ واضح ہو کہ عشق میں لڑکی کو پھانس کراس کے ساتھ تمام طرح کے تعلقات پیدا کرنے کے بعد جب لڑکی کی جانب سے شادی کیلئے اصرار ہوا تو عاشق نے اس کو دوست کے گھر لیجانے کا بہانہ کرتے ہوئے کھیتوں میں لیجاکرگلا کاٹ کر پٹرول ڈال کر جلانے کی کوشش کررہا تھا کہ اطراف موجود کھیتوں کے افراد نے دیکھ کر فورا پولیس کو اطلاع دیتے ہوئے پولیس کی مدد کے ساتھ ساتھ دواخانہ منتقل کرتے ہوئے لڑکی کی جان بچانے میں بھرپور مدد کی تھی۔ لڑکی دواخانہ میں زیر علاج ہے جس کی حالت مستحکم ہے۔ جن افراد کو تہنیت پیش کی گئی ہے یہ چار افراد ویل ملاپلی کے رہنے والے ہیں جن کے نام وینکٹیشورلو، جکیا، سرینواسلو اور شیکھر ہیں ۔ اس موقع پر ڈی ایس پی رما کانت راؤ ، سی آئی ملیکارجن ریڈی، ایس آئی کلواکرتی  جالیندر ریڈی اور ایس آئی ونگو جنہوں نے اپنی گاڑی میں لڑکی کو دواخانہ منتقل کرتے ہوئے بروقت اور اہم مدد کی تھی ویرایا بھی موجود تھے۔