کلواکرتی۔ 22 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کلواکرتی مارکٹ کمیٹی چیمبر کے روبرو کسانوں نے کاشت کی گئی مونگ پھلی کو سڑک پر ڈال کر جلاتے ہوئے احتجاج کیا۔ پولیس نے وہاں پہنچ کر کسانوں سے بات چیت کی اور احتجاج کو ختم کروایا اور ان کے مطالبات، اعلیٰ عہدیداروں تک پہنچانے کا تیقن دیا۔ پوری مارکٹ پر کمیشن ایجنٹس کا قبضہ، عہدیداروں کی ملی بھگت سے چل رہا ہے۔ حالیہ دنوں میں کاشت کی گئی مونگ پھلی کو لے کر جب کسان مارکٹ یارڈ پہنچ رہے ہیں تو عہدیدار اور ٹریڈرس مالکین آپسی تال میل کے سبب بہت ہی کم دام پر کسانوں سے مال خرید رہے ہیں۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ کئی مرتبہ مارکٹ چیرمین اور دیگر عہدیداروں کی توجہ اس جانب مبذول کروائی گئی لیکن ہمیشہ کی طرح اس مرتبہ بھی یہ لوگ ٹریڈرس کے ساتھ سازباز کرتے ہوئے اس جانب توجہ نہیں دے رہے ہیں جس کے بعد مجبور ہوکر ہم لوگ سڑک پر اُتر آئے ہیں۔ اس موقع پر کسانوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔
رکن بلدیہ کاماریڈی پر
محکمہ جاتی کارروائی
کاماریڈی ۔22 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رکن بلدیہ کاماریڈی رام موہن پر پولیس کیس درج کرنے کے علاوہ محکمہ جاتی کارروائی کیلئے صدرنشین بلدیہ نے میونسپل اڈمنسٹر یشن کو رپورٹ روانہ کی ہے ۔ واضح رہے کہ رکن بلدیہ 32 رام موہن نے اپنے وارڈ میں فنڈس کے عدم مختص کا الزام عائد کرتے ہوئے میونسپل کونسل کے اجلاس کے دوران خودکشی کرنے کی کوشش کی تھی جس پر اراکین بلدیہ نے خودکشی کو ناکام بنادیا تھا اور صدرنشین بلدیہ رام موہن کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرانے پر پولیس رام موہن کے خلاف خودکشی کی کوشش کا مقدمہ درج کیا تھا اس کے علاوہ محکمہ جاتی کارروائی کیلئے بھی میونسپل اڈمنسٹریشن کو تفصیلی رپورٹ روانہ کی ہے۔