کلواکرتی میں چھوٹے تاجرین پر بلدیہ کاعتاب، لب سڑک ڈبوں کو ہٹادیا گیا

کلواکرتی۔/5اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کلواکرتی لب سڑک گزشتہ کئی سالوں سے چھوٹے بیوپاری اپنے کنبہ کی گذر بسر کیلئے معمولی اور چھوٹے کاروبار کررہے تھے ابھی چند دن پہلے نالے کی تعمیر کیلئے ان بیوپاریوںکو وہاں سے ہٹادیا گیا۔ اب جبکہ نالے کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے تو دوبارہ وہی کاروباری لوگ نالے پر تختے اور دیگر اشیاء ڈال کر دوبارہ اپنا کاروبار شروع کرنے جارہے تھے آج صبح بغیر کسی اطلاع کے اور نالے کی تعمیر نامکمل رکھتے ہوئے بلدیہ ورکرس کے ذریعہ ان ڈبوں کو وہاں سے ہٹادیا گیا۔ اسی دوران کچھ ایسے افراد بھی نظر آئے جو کہ کبھی اس جگہ نہیں دیکھے گئے لیکن ان کا کہناتھا کہ یہ جگہ انہوں نے دوسروں کو دے رکھی تھی۔ واضح ہو کہ تقریباًآٹھ دس سال قبل سی سی روڈ اور سڑک کی کشادگی کیلئے یہاں پر موجود کئی ایک ڈبوں کو دوسری جگہ منتقل کیا گیا تھا۔ سڑک کی تعمیر مکمل ہونے پر جب جس کو جیسے سہولت ہوتی گئی اور جس کو جہاں جگہ ملے اپنے اپنے سائبان ڈال کر کاروبار کررہے تھے آج جبکہ نالے کی تعمیر مکمل ہوگئی اور وہی لوگ دوبارہ کاروبار شروع کرنے لگے تو پرانے دعویدار بھی نمودار ہوئے اور کئی ایک نے پختہ فریم بناکر دوبارہ جگہ قبضہ کی کوشش کی۔ بہر حال آج ٹاؤن پلاننگ آفیسر وجئے اور ورکس انسپکٹر محمد معین الدین کی زیر نگرانی بلدیہ کے عملے نے ان ڈبوں کو اکھاڑ پھینکا اور جب کمشنر بلدیہ محمد صابر علی سے فون پر بات ہوئی تو بتایا گیا کہ کونسل میں اس مسئلہ کو پیش کیا جائے گا اور کونسل جو بھی فیصلہ لے گی اس کے مطابق عمل آوری کی جائے گی۔