کلواکرتی میں وظائف کیلئے سروے کا کام جاری

کلواکرتی 31 اکٹوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مستقر کلواکرتی میں گزشتہ ایک ہفتہ سے وظیفہ کیلئے سروے کا کام چل رہا ہے جبکہ کئی ایک افراد تک سروے کے عہدیدار نہ پہونچنے سے عوام تشویش میں مبتلا ہیں۔ جبکہ وظیفہ سروے کا کام ماقبل ہوئے گھر گھر سروے سے جوڑنے سے جہاں عہدیدار پریشان ہیں وہیں عوام بھی کافی پریشان ہیں کیونکہ جب فوڈ اور وظیفہ کیلئے درخواستوں کے ادخال کا وقت آ؁ا تو صرف ایک سفید کاغذ پر درخواست داخل کرنے کی بات کہی گئی تھی۔ جس پر عوام نے اپنے گھروں کے نمبرات پتہ کے مقام پر لکھ کر دیئے تھے۔ اب جبکہ عہدیدار سروے کیلئے آرہے ہیں تو وہ ماقبل سروے کو مدنظر رکھ کر سروے کا کام انجام دے رہے ہیں۔ جس کے سبب عہدیداروں کے ساتھ ساتھ عوام بھی پریشان ہورہے ہیں کیونکہ گھر گھر سروے کیلئے جو نمبر دیا گیا تھا اور موجودہ گھر کا نمبر کافی الگ ہے شروع ہی میں اس کی صراحت کردی گئی ہوتی تو عوام کو اُلجھن نہ ہوتی۔ جن لوگوں کے درخواست گھر اور سروے نمبر سیل میل کھارہے ہیں عہدیدار اس کے سروے مکمل کررہے ہیں۔ اعلیٰ قیادت نے 5 تاریخ سے تقسیم وظیفہ کا اعلان کیا ہے جس سے عوام میں اور بھی زیادہ تشویش دیکھی جارہی ہے۔ جہاں وظیفہ کیلئے سروے کا کام بلدیہ کے حوالے ہے وہیں پر فوڈ سکیوریٹی کارڈ کیلئے ایم آر او آفس کے عملہ کومتعین کیا گیا ہے۔ پہلے وظیفہ کا سروے ہورہا ہے جبکہ بعد میں فوڈ سکیوریٹی کارڈ کا سروے ہوگا تو عہدیداروں میں ایک اُلجھن ہے کہ اگر وہ وظیفہ کو منظوری دیں گے اور ایم آر او آفس کا عملہ اگر فوڈ سکیوریٹی کارڈ کیلئے ان کو خارج کردے گا تو ایسے شخص کا وظیفہ خود بخود ختم ہوجائے گا تو کیا ایسے شخص کو وظیفہ کا مستحق قرار دینے پر بلدیہ کے عملہ پر کوئی دشواری تو نہیں ہوگی۔ بہرحال ایسے متضاد اعلانات سے جہاں عہدیدار پریشان ہیں وہیں عوام بھی کافی بے چین اور تشویش میں مبتلا ہیں۔