کلواکرتی ۔ 22 ۔ جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شہر کلواکرتی میںآج صبح کی ابتدائی ساعتوں میں سب انسپکٹر ویرا بابو نے صحافیوں کی موجودگی میں جونیئر کالج کے مین گیٹ پر نکسلائٹس کی جانب سے چسپاں کئے گئے پوسٹر کو نکلوایا اور اس ضمن میں ایس پی کا دورہ کلواکرتی متوقع ہے ۔ آج صبح کسی نے ان پوسٹر کو دیکھ کر پولیس کو اط لاع دی ، فوراً پولیس نے ان کو وہاں سے ہٹایا ، بتایا جاتا ہے کہ اسی طرح کے پوسٹر گزشتہ کل ونگور منڈل اور میڑچل منڈل میں بھی چسپاں کئے گئے تھے ۔
آج کلواکرتی مستقر اور ترکلاپلی میں یہ پوسٹر پائے گئے جس میں نکسلائٹس نے کئی ایک مطالبات درج کئے جن میں خاص کر نوجوانوں کو اس تحریک میں شامل ہونے کی دعوت دی اور اس ماہ کے 28 جولائی تا 2 اگست ہونے والے جلسہ کو کامیاب بنانے کی اپیل کی اور ان پوسٹر کے چسپاں سے پولیس میں ہلچل پیدا ہوئی اور اسپیشل پولیس کو طلب کر لیا گیا جنہیں حلقہ اسمبلی کلواکرتی کے منڈلس میں تعینات کیا گیا ہے ۔ چند دن قبل وکرم نامی ایک نکسلائٹس نے اپنے آپ کو پولیس کے حوالے کیا تھا جس سے امید کی جارہی تھی کہ نکسلائٹس کا دبدبہ اب مکمل ختم ہوچکا ہے لیکن آج ان پوسٹر کے چسپاں سے دوبارہ ان کی سرگرمی کا پتہ چل رہا ہے ۔ اس طرح ان پوسٹرس نے آج پولیس اور عوام میں ایک بحث چھیڑ دی ہے۔