کلواکرتی میںجدید ترکاری مارکٹ کی تعمیر

کلواکرتی۔/2مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کلواکرتی میں جدید طرز کی 30لاکھ رقم سے ترکاری مارکٹ مرزا غالب روڈ پر تعمیر ہونے جارہی ہے جوکہ گزشتہ دیڑھ سال سے منظوری عمل میں آکر فی الحال قابض ترکاری مالکین اور بلدیہ کے درمیان بات چیت کے سبب تاخیر ہوگئی تھی۔ چیرمین بلدیہ کے بموجب کئی مرتبہ بات چیت ہوئی اور گزشتہ چہارشنبہ تک دوکانداروں سے وقت مانگا تھا لیکن اس کے باوجود یہ لوگ جگہ خالی نہیں کررہے ہیں جنہیں بار بار نوٹس دیئے گئے لیکن اس کا خاطر خواہ جواب نہیں ملا، جس کے سبب آج منگل ہونے کے سبب چونکہ منگل کو یہاں تقریباً کاروبار بند رہتا ہے، دوپہر کے وقت اچانک کمشنر بلدیہ نے کنکریٹ کی گاڑیوں کے ساتھ مارکٹ پہنچے اور بیچ روڈ پر کنکر ڈلواکر دکانداروں کے سامان ( ترکاری ) کو روڈ پر پھینکنا شروع کیا۔ جس کے سبب ترکاری مالکین اور بلدی عہدیداروں کے درمیان تو تو میں میں ہوگئی۔ دوکانداروں کا کہنا ہے کہ بلدیہ کے عہدیدار اچانک بغیر اطلاع کے گالی گلوج کے ساتھ ترکاریاں روڈ پر پھینکنا شروع کیا جس کے سبب آپس میں کچھ کہا سنی ہوگئی جس پر اطلاع ملتے ہی نائب چیرمین بلدیہ محمد شاہد جائے واقعہ پہنچ کر حالات کو کافی کنٹرول میں کرلیا اور فوراً عہدیداروں کو وہاں سے آفس بھیج کر دکانداروں سے کافی دیر تک بات چیت کی اور انہیں بلدیہ آفس طلب کرتے ہوئے بہترین انداز میں دوکانداروں کو سمجھا بجھاکر راضی کرالیا اور باتفاق طئے ہوا کہ جتنی بھی دکانات تعمیر ہوں گی پہلے ان ہی لوگوں کو دی جائیں گی جو پہلے وہاں پر قابض ہیں۔