کلدیپ یادو ہندوستانی ٹیم میں حیران کن شمولیت

بنگلور ۔ 4اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلی جانے والی ونڈے سیریز کے لئے ابتدائی تین ونڈے مقابلوں کی معلنہ 14رکنی ٹیم میں نوجوان بائیں ہاتھ کے اسپنر کلدیپ یادو کی شمولیت حیران کن فیصلہ ہے ۔ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ونڈے سیریز کا پہلا مقابلہ 8اکٹوبر کو کوچی میں کھیلا جائے گا اور اس سیریز کے ابتدائی تین مقابلوں کیلئے بی سی سی آئی نے آج ہندوستانی ٹیم کا اعلان کردیا ہے جس میں سینئر کھلاڑیوں گوتم گمبھیر ‘ ویریندر سہواگ ‘یوراج سنگھ اور ہربھجن سنگھ کو نظرانداز کردیا گیا ہے جب کہ روی چندرن اشون کو آرام دیا گیا ہے ۔ معلنہ ٹیم میں اہم تبدیلیوں میں زخمی روہت شرما کے مقام پر مرلی وجئے کی ونڈے ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جب کہ امیت مشرا کو بھی سلکٹروں نے موقع دیا ہے ۔ معلنہ ٹیم میں 19سالہ یادو کی شمولیت نے سب کو حیران کردیا ہے ۔

اترپردیش سے تعلق رکھنے والے اس نوجوان بولر کو ٹیم میں شامل کرنے کی اصل وجہ رواں چمپئنس لیگ میں ان کا شاندار مظاہرہ ہے جیسا کہ کولکتہ نائٹ رائیڈرس کی نمائندگی کرتے ہوئے یادو نے فائنل سے قبل کھیلے گئے مقابلوں میں 7وکٹیں حاصل کی ہے۔ گذشتہ 10برسوں کے دوران یادو ایسے پہلے کھلاڑیوں ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے جنہوں نے بغیر کوئی فرسٹ کلاس مقابلہ کھیلے بغیر بین الاقوامی ٹیم میں جگہ بنالی ہے ۔ یادو کی شمولیت کے علاوہ ٹیم میں دوسرا کوئی حیران کن فیصلہ نہیں کیا گیا ہے جیسا کہ کرن شرما ‘ اسٹیورٹ بنی ‘ سنجیو سیمسن اور دھول کلکرنی کو موقع نہیں دیا گیا جیسا کہ یہ تمام کھلاڑی انگلینڈ کا دورہ کرچکی 17رکنی ہندوستانی ٹیم کا حصہ تھے ۔ فاسٹ بولنگ شعبہ میں بھونیشور کمار ‘ محمد سمیع ‘ موہت شرما اور امیش یادو اپنا مقام برقرار رکھنے میں کامیاب ہوئے ہیں ۔

اسپین شعبہ میں اشون کو آرام دیئے جانے کے بعد لگ اسپنر امیت مشرا اس شعبہ کی قیادت کریں گے جب کہ ان کے ہمراہ رویندرا جڈیجہ اور کلدیپ یادو موجود رہیں گے ۔ مرلی وجئے کو اس لئے خوش قسمت قرار دیا جارہا ہے کیونکہ روہت شرما کے زخمی ہونے کے بعد انہیں ٹیم میں شامل کیا گیا ہے کیونکہ انگلینڈ کے دورہ پر روہت شرما اپنی انگلی زخمی کر بیٹھے تھے جس سے وہ تاحال صحت یاب تو ہوچکے ہیں لیکن کندھے کے زخم سے وہ ہنوز پریشان ہیں ۔ بیٹنگ شعبہ میں شکھر دھون اور اجنکیا رہانے اننگز کا آغاز کریں گے جب کہ ویراٹ کوہلی ‘ سریش رائنا اور امباٹی رائیڈو مڈل آرڈر کے اہم نام ہیں ۔ ٹیم کی قیادت مہیندر سنگھ دھونی کررہے ہیں جو لوور آرڈر میں بیٹنگ کی ذمہ داری بھی نبھائیں گے ۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف پانچ مقابلوں کی ونڈے سیریز کا افتتاحی مقابلہ 8اکٹوبر کو کوچی میں کھیلا جائے گا جس کے بعد دونوں ٹیمیں 11اکٹوبر کو دہلی میں دوسرا ونڈے کھیلے گی نیز 20اکٹوبر کو کولکتہ میں تیسرا ونڈے کھیلا جائے گا اور ان تین ونڈے مقابلوں کیلئے ہی بی سی سی آئی نے آج ٹیم کا اعلان کیا ہے ۔

ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے :
مہیندر سنگھ دھونی ( کپتان) ‘ شکھردھون ‘ اجنکیا رہانے‘ ویراٹ کوہلی ‘ سریش رائنا ‘ امباٹی رائیڈو ‘ رویندر جڈیجہ ‘ امیت مشرا ‘بھونیشور کمار ‘ محمد سمیع ‘ موہت شرما ‘ امیش یادو ‘ مرلی وجئے اور کلدیپ یادو ۔