کلدیپ کی 50 وکٹیں مکمل

دوبئی ۔19 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) نوجوان چائنا مین کلدیپ یادو ونڈے کرکٹ میں سب سے تیز50 وکٹیں لینے کے معاملے میں ہندوستان میں دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔کلدیپ نے ہانگ کانگ کے خلاف ایشیا کپ کرکٹ ٹورنمنٹ کے مقابلے میں 42 رنز دیکر دو کٹ لئے ۔ ہندوستان نے یہ میچ26 رنز سے جیتا۔23 سالہ کلدیپ نے اس کے ساتھ ہی ونڈے میں اپنے 50 وکٹ پورے کرلئے ہیں اور وہ ہندوستان کی جانب سے سب سے کم میچوں میں 50 وکٹ لینے کے معاملے میں دوسرے نمبر پر آگئے ۔ سابق فاسٹ بولر اجیت اگرکرنے23 میچوں میں یہ ریکارڈ بنایا تھا جبکہ کلدیپ نے 24 ویں میچ میں یہ کامیابی حاصل کی۔ دنیا بھر کے اسپنروں کی بات کی جائے تو کلدیپ دوسرے نمبر پر رہے ۔ سری لنکا کے اسپنر اجنتا مینڈس نے19 میچوں میں50 وکٹ حاصل کئے تھے ۔اوپنر شکھر دھون نے اپنی 14 ویں یک روزہ سنچری بنانے کے ساتھ ہی سرکردہ آل راؤنڈر یوراج سنگھ کی برابری کرلی ہے ۔دریں اثناء اوپنر شکھر دھون نے 127 رن بنائے جو ان کی 14 ویں سنچری تھی۔ شکھر نے اس کے ساتھ ہی یوراج کی برابری کرلی اور وہ ہندوستان میں مشترکہ چھٹے نمبر پر پہنچ گئے ۔