محمد سمیع کی واپسی ،یکم اگسٹ کو پہلا ٹسٹ
نئی دہلی۔18جولائی(سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ کے خلاف یکم اگست کو شروع ہونے والی پانچ میچوں کی ٹسٹ سیریز کے ابتدائی تین میچوں کے لئے معلنہ ہندستانی کرکٹ ٹیم میں اوپنر روہت شرما کو جگہ نہیں ملی ہے جبکہ ونڈے اور ٹوئنٹی ٹوئنٹی سیریز میں اپنی کارکردگی سے متاثر کرنے والے چائنا مین کلدیپ یادو اور نوجوان وکٹ کیپر رشبھ پنت نے ٹیم میں جگہ بنالی ہے ۔بی سی سی آئی نے آج انگلینڈ کے خلاف پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے ابتدائی تین میچوں کے لئے ٹیم کا اعلان کردیا ہے ۔ انگلینڈ کے خلاف اس کی سرزمین پر ونڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بہترین مظاہرہ کرنے والے اسپنر کلدیپ کو ان کی کارکردگی کی بدولت ٹسٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔لیڈس میں یکم اگست کو کھیلے جانے والے پانچ ٹسٹ میچوں کی سیریز کے ابتدائی تین میچوں کے لئے 18 رکنی ٹیم کا انتخاب کیا ہے ۔ بی سی سی آئی کے بموجب بھونیشور کمار کوتیسرے ونڈے کے دوران کمرمیں چوٹ لگ گئی تھی اور بورڈ کی میڈیکل ٹیم ان کی فٹنس کی جانچ کے بعد ہی ٹسٹ ٹیم میں ان کے سلیکشن پر کوئی فیصلہ کرے گی۔ ہندوستانی ٹیم میں گیندباز کلدیپ کا انتخاب حیران کن فیصلہ نہیں ہے ۔ محدود اوور سیریز میں ان کی شاندار کارکردگی کے بعد وراٹ کوہلی کافی متاثر ہوئے تھے اور انہوں نے ٹیسٹ ٹیم میں کلدیپ کے انتخاب کو لے کر اشارے بھی دیئے تھے۔کلدیپ نے تین میچوں کی ونڈے سیریز میں 16.44 کے اوسط سے سب سے زیادہ نو وکٹ لئے جس میں 25 رنز پر چھ وکٹ ان کی سب سے بہترین کارکردگی رہی جبکہ ٹوئنٹی 20 سیریز کے دو میچوں میں انہوں نے پانچ وکٹ لئے ۔ نوجوان اسپنرکلدیپ کے علاوہ آف اسپنر روی چندرن اشون اور رویندر جڈیجہ کی جوڑی بھی شامل ہے ۔تجربہ کار ایشانت شرما، امیش یادو، محمد سمیع اور جسپریت بمراہ شامل ہیں۔سمیع فٹنس مسائل کی وجہ سے افغانستان کے خلاف واحد ٹسٹ میں نہیں کھیل سکے تھے ۔محدود اوور وں کے ماہر بیٹسمین روہت کو ٹسٹ ٹیم میں جگہ نہیں ملی ہے ۔ انہوں نے تین میچوں کی ٹوئنٹی20 سیریز میں137 رنز بنائے ہیں جس میں100 رن انکی سنچری سے بنے جبکہ ونڈے سیریز میں انہوں نے ایک سنچری سمیت 154 رن بنائے اس کے باوجود ٹسٹ میں وہ سلکٹروں کا اعتماد حاصل کرنے میں ناکام رہے۔علاوہ ازیں زخمی وردھمان ساہا کے باہر ہونے کی وجہ سے وکٹ کیپنگ کے لئے دنیش کارتک کے علاوہ رشبھ پنت کو بھی شامل کیا گیا ہے ۔ کوہلی کی قیادت میں ہندستانی ٹیم انگلینڈ کے خلاف پہلا ٹسٹ اجبسٹن میں یکم اگست ، دوسرا9 اگست کولارڈز میں اور تیسرا ٹسٹ ٹرینٹ برج میں18اگست کو کھیلے گی۔ تین ٹسٹ میچوں کے لئے ہندوستانی ٹیم اس طرح ہے۔ ویراٹ کوہلی (کپتان)، شکھر دھون، لوکیش راہول، مرلی وجے ، چتیشور پجارا، اجنکیا رہانے (نائب کپتان)،کرون نائر، دنیش کارتک (وکٹ کیپر)، رشبھ پنت (وکٹ کیپر)، روی چندرن اشون، رویندر جڈیجہ، کلدیپ یادو، ہاردک پانڈیا، ایشانت شرما، محمد سمیع، جسپریت بمراھ، شاردل ٹھاکر۔