حیدرآباد یکم / ستمبر ( سیاست نیوز ) کلثوم پورہ کے علاقہ میں 8 ماہ کے شیر خوار لڑکے کے قتل کا دردناک واقعہ پیش آیا ۔ دودھ پلانے کی عمر میں حقیقی والدہ نے سیندھی پلانے کے بعد اپنے ہی بچے کا گلہ گھونٹ دیا ۔ اس انسانیت سوز واقعہ میں ملوث 8 ماہ کے بچے کی والدہ ریشما عرف ملااماں اور اس کے ساتھی جے سدایا کو گرفتار کرتے ہوئے عدالتی تحویل میں دے دیا ۔ انسپکٹر کلثوم پورہ مسٹر آر ایم راؤ نے بتایا کہ 28 اگست کے روز پرانا پل علاقہ میں چند افراد کے مجمع کو دیکھ کر پولیس چوکس ہوئی اور پولیس کے دو جوانوں نے انہیں روک لیا اور تحقیقات کی ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس مجمع نے ایک ایسے شخص اور خاتون کے قبضہ سے 8 ماہ کے بچے کو آزاد کروایا جو نشہ کی حالت میں دھت تھے اور شیر خوار کے بے رحمی سے گلا گھونٹنے کی کوشش کر رہی تھی ۔ برہم مجمع نے فوری پولیس کو اطلاع دی آگاہ کیا اور پولیس کی مدد سے اس شیر خوار کو نیلوفر ہاسپٹل منتقل کیا ۔ تاہم اس وقت ریشما عرف ملااماں نامی خاتون اور جے سدایا فرار ہوگئے ۔ پولیس کلثوم پورہ کو کل رات نیلوفر ہاسپٹل سے اطلاع دی گئی کہ زیر علاج 8 ماہ کا بچہ علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ ریشما عرف ملااماں جو ضیاء گوڑہ علاقہ کے ساکن عزیز کی بیوی تھی 28 اگست کے دن ریشما عرف ملااماں سیندھی نوش کرنے گئی تھی اور وہاں اس کے ساتھی سدیا بھی موجود تھا ۔ پولیس نے بچے کے قتل کی وجوہات کو نہیں بتایا تاہم دونوں کو گرفتار کرتے ہوئے عدالتی تحویل میں دے دیا گیا ۔