کلبھوشن جادھو کو پاکستان میں مزید الزامات کا سامنا : رپورٹ

اسلام آباد ۔ 6 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی شہری کلبھوشن جادھو جسے پاکستان کی ایک فوجی عدالت نے جاسوسی کے جرم میں سزائے موت سنائی ہے، کو اب دہشت گردی اور سبوتاج جیسے دیگر کئی معاملات میں ملوث ہونے پر بھی مقدمات کا سامنا ہے۔ 47 سالہ جادھو کو فوجی عدالت نے گذشتہ سال اپریل میں سزائے موت سنائی تھی۔ پاکستان کا ادعا ہیکہ سیکوریٹی فورسیس نے 3 مارچ 2016ء کو جادھو کو صوبہ بلوچستان سے اس وقت گرفتار کیا تھا جب وہ ایران سے بلوچستان میں داخل ہوا تھا جبکہ ہندوستان نے ان تمام الزامات کو مسترد کردیا ہے اور انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس (ICJ) سے گذشتہ سال مئی میں رجوع ہوتے ہوئے جادھو کی سزائے موت کے فیصلہ کو چیلنج کیا تھا۔ ہندوستان کی اپیل پر آئی سی جے نے اس کی سزائے موت پر عمل آوری کو روک دیا تھا۔ انگریزی روزنامہ ڈان نے ایک عہدیدار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ جادھو کو متعدد معاملات کا سامنا ہے جن میں دہشت گردی اور سبوتاج جیسے معاملات بھی شامل ہیں۔ اس وقت آئی سی جے ایک ہندوستانی عرضداشت کی سماعت کررہی ہے جس میں پاکستان کی جانب سے جادھو کو سفارتی رسائی کی اجازت نہ دینے کے فیصلہ کو چیلنج کیا گیا ہے۔