کلارک کی مالی تنازعہ حل کرنے تجویز

سڈنی۔6 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی سابق کپتان مائیکل کلارک نے کرکٹ آسٹریلیا اور کھلاڑیوں کے درمیان مالی معاملات پر تنازعہ حل کروانے کیلئے تجویز پیش کردی۔ انہوں نے کہا کہ فریقین کو باہمی رضامندی کے ساتھ تنخواہوں کے معاملے پر گزشتہ معاہدے کو ایک سال کیلئے بڑھا دینا چا ہئے۔ انہوں نے کہا کہ جو کچھ ہو رہا ہے وہ کرکٹ کیلئے بہت بدقسمتی کی بات ہے۔ کرکٹ بورڈ اور کھلاڑیوں کو ایک ساتھ بیٹھ کر مسئلے کا حل تلاش کرنا چاہئے۔مائیکل کلارک نے کہا کہ تمام کھلاڑی کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں۔اس لئے انہیں کھیلنے دیا جائے اور ایشز سیریز کیلئے کھلاڑیوں کو مکمل طور پر اپنے کھیل پر توجہ دینی ہو گی تاہم اس کے لئے مالی معاملات کے معاہدے کو 12 ماہ کیلئے بڑھانا ہوگا۔
کوچ کے انتخاب میں کوہلی سے مشورہ
ممبئی ۔6 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بی سی سی آئی کے چیف ایگزیکٹو راہول جوہری نئے ہیڈ کوچ کی تقرر کے سلسلے میں دورہ ویسٹ انڈیز میں مصروف ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی سے ملاقات کر کے ان کی رائے معلوم کریں گے۔ وہ کرکٹ ایڈوائزری کمیٹی کی جانب سے ہیڈ کوچ کیلئے انٹرویوز سے ایک دن قبل وطن واپس آجائیں گے۔