ملبورن 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیائی ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک نے آج آئی سی سی ونڈے ورلڈ کپ میں حاصل ہونے والی کامیابی کو ٹیم کے آنجہانی بیٹسمین فلپ ہیوز کے نام کردی ہے جو کہ میدان پر حادثہ کے بعد ہلاک ہوگئے تھے ۔ مائیکل کلارک نے کامیابی کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیائی ٹیم نے سرکاری طور پر 15 کھلاڑی شامل تھے لیکن آج ہم 16 ویں کھلاڑی کیلئے کامیابی حاصل کرنا چاہتے تھے جو کہ فلپ ہیوز ہے ۔ کلارک ہیوز کو اپنا چھوٹا بھائی مانتے ہیں اور آج کی کامیابی انہوں نے اس کھلاڑی کے نام کردی ہے ۔ کلارک جنہو ںنے 72 گیندوں میں 74 رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے ونڈے کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا ہے تاہم انہو ںنے کھلاڑیوں کے ہمراہ ٹیم انتظامیہ سے اظہار تشکر کرتے ہوئے خود کو ایک خوش قسمت کھلاڑی قرار دیا جنہیں کئی اہم کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کے علاوہ ورلڈ کپ حاصل کرنے والے کپتان کا اعزاز بھی حاصل ہوا ہے ۔