دبئی ، 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے کیپٹن مائیکل کلارک نے آج ریلائنس آئی سی سی ٹسٹ کا گدا اپنے ہاتھوں میں لے لیا، جو دنیا میں نمبر ایک رینک کی ٹسٹ ٹیم کے طور پر اُن کی ٹیم کے موقف کی علامت ہے۔ کلارک جن کی پرجوش قیادت میں ٹیم نے گزشتہ سیزن انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے مقابل فتوحات درج کرائے، انھوں نے آج یہ ٹروفی برسبین میں آنے والے سیزن کیلئے ٹریننگ کیمپ کے موقع پر حاصل کی۔ یہ اگسٹ 2009ء سے پہلی بار ہے کہ یہ گدا آسٹریلیا کے قبضے میں آیا ہے۔ یہ ٹروفی حاصل کرنے کے بعد مسرور کلارک نے کہا: ’’اس گدا کو واپس آسٹریلیائی سرزمین پر لانا ایسی چیز ہے جو ہمارے لئے زبردست افتخار کا باعث ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ عظیم کارنامہ ہے جس میں ٹیم سے وابستہ ہر کسی نے اپنا رول ادا کیا، ہمارے سپورٹ اسٹاف، ہماری فیملیوں، کرکٹ آسٹریلیا کے اسٹاف کے ساتھ ساتھ ہمارے پرستاروں نے بھی واقعی مشکل برسوں میں ہماری بھرپور حمایت کے ذریعہ آسٹریلیا کی کامیابی میں اپنا حصہ ادا کیا ہے۔