کلارک فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی کیلئے تیار، آئی پی ایل پر نظر

ملبورن۔31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے سابق ٹسٹ کپتان مائیکل کلارک بین الاقوامی کرکٹ سے اپنی سبکدوشی کے اعلان کے چھ ماہ بعد فرسٹ کلاس کرکٹ میں دوبارہ واپسی کی تیاریوں میں مصروف ہیں اور پرکشش انڈین پریمئر لیگ (آئی پی ایل) پر اپنی نظریں مرکوز کررہے ہیں۔ 34 سالہ کلارک جو ایشیس میں گزشتہ سال آسٹریلیا کی شکست کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوش ہوگئے تھے، حتی کہ پھر ایک مرتبہ اپنی ٹیم میں واپسی کو بھی خارج از امکان قرار نہیں دیا اور اصرار کے ساتھ کہا کہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی کیلئے ان کی جسمانی حالت بالکل ٹھیک ہے اور وہ پوری طرح چست ہیں۔ باور کیا جاتا ہے کہ کلارک 20 اور 21 فروری کو سڈنی کلب میں رینڈوک۔ پیٹرشام کے خلاف ویسٹرن سب ارب ٹیم کے لئے کھیلتے ہوئے کرکٹ میں واپسی اختیار کریں گے۔ کلارک نے مزید کہا کہ ’’کھیل میرے خون میں ہے، آئندہ سال بگ بیشن لیگ (بی بی ایل) ، آئی پی ایل یا کائونٹی کرکٹ میرے لئے کشش پیدا کرتی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’میں اتنا جانتا ہوں کہ میں کبھی بھی کھیل کو خیرباد نہیں کہہ سکتا۔