ایڈیلیڈ 10 ڈسمبر (پی ٹی آئی) آسٹریلیا کے بیٹسمین اسٹیو اسمتھ نے اپنے کپتان مائیکل کلارک کی بھرپور ستائش کرتے ہوئے آج کہاکہ فلپ ہیوز کی المناک موت اور خود اپنی کمر میں درد کے باوجود کپتان کلارک نے غیرمعمولی و ناقابل یقین ہمت و حوصلہ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہندوستان کے خلاف پہلے ٹسٹ میچ کے دوسرے دن شاندار سنچری بنائی۔ کلارک گزشتہ روز 60 رنز کے انفرادی اسکور پر چوٹ لگنے کے سبب پویلین لوٹ گئے تھے اور آج اپنے ٹسٹ کرئیر کی 28 ویں سنچری بنائی۔ کلارک کے ساتھ اسمتھ نے 30 اوورس کی ساجھیداری میں 163 رنز بنائے۔ کلارک 28 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے لیکن اسٹیو 163 رنز بناکر ہنوز کھیل رہے ہیں۔ اسمتھ نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ’’وہ (کلارک) جلد سے جلد وہاں (کریز) سے نکلنا چاہتے تھے اور چند شاندار ہٹس لگائے۔ یہ کام اچھی طرح سے چل گیا۔ چند ٹائس سے اُنھیں چوٹ بھی پہونچی لیکن ان حالات میں بھی بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا‘‘۔